کوئٹہ : پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر حاجی علی مدد جتک نے کہاہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی پر بلوچستان حکومت گرائے جانے کے بعد بہت سے الزامات لگائے گئے آنے والے سینٹ انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کا کوئی بھی امیدوار حصہ نہیں لے رہا تاہم ہمارے کچھ دوست میدان میں ضرور ہیں وہ جیتیں گے ،ہر انسان کے ساتھ دو فرشتے ہوتے ہیں ۔
مارچ میں تمام درخت سبز ہونگے ،پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان سے لسانی ودیگر بنیاد پر تعصب اور نفرت کی سیاست کا خاتمہ چاہتی ہے نئے شامل ہونے والوں سے ہماری جماعت مزید مستحکم ہوگی ،ایچ ای سی کی جانب سے ٹیسٹ میں بے ضابطگیوں سے متعلق امیدواروں کے تحفظات اور خدشات کو ختم کرنے کیلئے اعلیٰ حکام سے بات چیت کرینگے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں میر محمداکبر بنگلزئی ،وسیم اکبر اقلیتی رہنماء وجنرل کونسلر نام چند کے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اور بعدازاں بولان میڈیکل کالج کے انٹری ٹیسٹ میں حصہ لینے والے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس سے قبل میر محمداکبر بنگلزئی ودیگر نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کااعلان کیا اورکہاکہ اس وقت ملک او ر صوبے کی سطح پر یہی جماعت ہی عوام کی نجات دہندہ ہے یہاں قوم پرستی کے نام پر سیاست کرنے والوں نے عوام کو بری طرح مایوس کردیاہے بلکہ قوم پرست سیاست کرنے والی شخصیات نے اپنی مفادات کے حصول کیلئے ورکرز اور نظریات کو پس پشت ڈال دیا ۔
ہم پاکستان پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کاسلسلہ جاری رکھتے ہوئے عوام کی خدمت کرینگے بلکہ پارٹی پیغام کو عام کرنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگا
اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے میر حاجی علی مدد جتک کاکہناتھاکہ میر اکبر محمداکبر بنگلزئی ،نام چند اور دیگر کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت ہمارے قائدین اور ورکرز کیلئے فخر کی بات ہے جن لوگوں نے تمام زندگی قوم پرستانہ سیاست کی نظر کی انہیں آج پیپلزپارٹی میں ہی امید کی کرن نظر آرہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ہم صوبے سے قوم پرستانہ اور نفرت کی سیاست کا خاتمہ کرتے ہوئے بے روزگاری اور بدامنی کا خاتمہ کرکے عوام کو خوشحالی دینگے ۔اس وقت ملک اور بلوچستان کی عوام کی امیدوں کا محور پاکستان پیپلزپارٹی ہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ قوم پرستوں نے نوجوانوں کو خوش نما اوردیگر نعرے دیکر بھٹکایا اور انہیں غلط راستے پر ڈال دیا ہم سمجھتے ہیں کہ بلوچستان میں نفرت کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں اس وقت ملک کے نوجوانوں کو بلاول بھٹو زرداری سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی ملکی اور صوبائی سطح پر عوامی مینڈیٹ سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے حکومت بنائیگی ،انہوں نے نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی پیغام کو عام کرنے کیلئے اپنی توانائیاں بروئے کار لائینگے ۔
انہوں نے صحافیوں کے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہاکہ صوبائی حکومت گرائے جانے کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی پر بہت زیادہ الزامات لگے آنے والے سینٹ انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی سے کوئی امیدوار حصہ نہیں لے رہا تاہم ہمارے بعض دوست اس وقت میدان میں ہے اور وہی جیتیں گے ،
ان سے جواب سوال کیاگیاکہ ان کے دوستوں کو سینٹ الیکشن میں فرشتوں کی مدد حاصل ہوگی تو ان کاکہناتھاکہ ہر انسان کے ساتھ دو فرشتے ہوتے ہیں جو اس کے نامہ اعمال لکھتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ مارچ میں تمام درخت سبز ہونگے انہوں نے کہاکہ صوبے کے لوگ قوم پرستانہ اور تعصب پر مبنی سیاست کی بجائے اب وفاق کی سیاست کی جانب راغب ہورہے ہیں ۔
بعدازاں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بولان میڈیکل کالج کے انٹری ٹیسٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے طلباء وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے حاجی علی مدد جتک نے کہاکہ ہماری جماعت روز اول سے ہی میرٹ کا نفاذ چاہتی ہے ۔
ایچ ای سی کی جانب سے بولان میڈیکل کالج کیلئے منعقدہ انٹری ٹیسٹ میں بے ضابطگیوں سے متعلق امیدواروں کے تحفظات اور خدشات سے متعلق وزیراعلیٰ اور دیگر سے حکام سے بات کی جائیگی اگر وہ نہ مانے تو پھر پیپلزپارٹی احتجاج میں شامل ہوگی ،انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیاہے ۔