|

وقتِ اشاعت :   February 10 – 2018

شمالی وزیرستان : شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان سجنا گروپ کے نائب امیر سجنا محسود کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈرو ن حملے میں3 افراد ہلاک ہوئے جس میں ٹی ٹی پی کے نائب امیر بھی شامل ہیں جبکہ ڈرون حملہ شمالی وزیرستان کے علاقے گورویک میں کیا گیا۔مقامی پولیٹیکل انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ مارے جانے والے تینوں عسکریت پسندوں کا تعلق حقانی نیٹ ورک سے ہے اور ڈرون حملہ افغانستان کی حدود میں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ تحریک طالبان پاکستان کے امیر خان سید عرف سجنا محسودکو یکم نومبر 2013 میں پاکستانی طالبان کا نیا امیر نامزد کیا گیا اور یہ حکیم اللہ محسود کے قریبی ساتھیوں میں سے تھا ٗان کی نامزدگی حکیم اللہ محسود کی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد عمل میں آئی تھی اور طالبان کے نئے امیر کیلئے شوریٰ اجلاس میں 4 ناموں پر مشاورت کی گئی تھی۔

جن میں خان سید ، عمر خالد خراسانی ، ملا فضل اللہ اور غالب محسود شامل تھے۔40 سالہ سجنا کو کراچی میں بحریہ کی بیس پر حملے میں ملوث خیال کیا جاتا ہے جبکہ انہیں 2012ء کے بنوں جیل حملے کا ماسٹر مائنڈ بھی کہا جاتا ہے ۔