کوئٹہ: نامور صحافی صدیق بلوچ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی آج سے کوئٹہ میں ہوگی، بی این پی عوامی ،عام لوگ پارٹی سیاسی وسماجی رہنماؤں کا انتقال پر اظہار افسوس، پنہور سنہڑی پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ ملک کے نامور صحافی ، روزنامہ بلوچستان ایکسپریس اور روزنامہ آزادی کوئٹہ کے چیف ایڈیٹر لالہ صدیق بلوچ جن کا گذشتہ روز کراچی میں انتقال ہو گیا تھا ، مرحوم کے صاحبزادے ان کی کراچی میں تدفین کے بعد کوئٹہ پہنچ گئے ہیں ۔
محمد عارف بلوچ، محمد آصف بلوچ، ایڈیٹر روزنامہ آزادی ،محمد طارق بلوچ،ظفربلوچ ،صادق بلوچ اور دیگر لواحقین آج بروز ہفتہ سے اپنے والد لالہ صدیق بلوچ کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اپنی رہائش گاہ واقع پٹیل ہاؤسنگ اسکیم سریاب روڈ کوئٹہ میں لیں گے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی ) کے مرکزی فنانس سیکرٹری ایڈووکیٹ شاہد بلوچ ، مرکزی لیبر سیکرٹری واجہ نور احمد بلوچ مرکزی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر عبید اللہ مری نے اپنے مشترکہ کہا کہ آج بلوچستان میں صحافت کا ایک روشن باب ہمیشہ کیلئے بند ہوگیا ہے ، صدیق بلوچ بلوچستان بلکہ بلوچ خطے کیلئے ایک درسگاہ کی حیثیت رکھتے تھے مرحوم جہد مسلسل کا عملی نمونہ تھے صحافتی اقدار کی سربلندی کے ان کی لازوال قربانیاں مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں ۔
انہو نے کہا کہ مرحوم ایک دیانت دار اور نڈر صحافی تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا آج صرف سوگوار خاندان غم زدہ نہیں بلکہ ان کے ساۂ تلے صحافی پرورش حاصل کرنے والے بلوچستان کے سینکڑوں لوگ اور خاندان غم زدہ ہے ان کی رحلت قومی سانحہ ہے ، اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جواررحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبروجمیل عطاء کرنے کی توفیق دے ۔
عام لوگ پارٹی کے صوبائی صدر میر آصف دہوار نے بلوچ وطن دوست سینئر صحافی اور کالم نگار روزنامہ آزادی اور بلوچستان ایکسپریس کے چیف ایڈیٹر واجہ صدیق بلوچ کی رحلت کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے اپنے ایک تعزیتی بیان میں میر آصف دہوار نے صدیق بلوچ کی صحافی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ لالہ صدیق بلوچ نے اپنے پچاس سالہ صحافتی زندگی کے دوران ہمیشہ اپنی تحقیقاتی تحریروں اورخبروں کے ذریعے معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے جدوجہد کی اورپوری زندگی صحافتی اقدار کے فروغ کے لئے کوشاں رہے۔
انہوں نے ہمیشہ مفلوک الحال عوام کیلئے ہر پلیٹ فارم پر توانا آواز بلند کی ہے صدیق بلوچ کی وفات سے صحافت کا ایک روشن باب ہمیشہ کے لیے بند ہوگیا ہے اور پاکستان ایک عظیم صحافی، مصنف اور تجزیہ نگار سے محروم ہوگیا ہے۔
،قلات کے سیاسی و سماجی رہنماؤں ابراہیم زہری غلام فاروق مینگل ماسٹر عبدالرزاق مینگل شیر محمد مینگل ڈاکٹر حبیب الرحمان لہڑی محمد جان لہڑی اور دیگر نے اپنے جاری کردہ تعزیتی بیان میں بلوچستان کے ممتاز صحافی ادیب اورکالم نگار لالا صدیق بلوچ کے انتقال پر اظہار افسو س کرتے ہوئے دعا کی ہیکہ اللہ تعالیٰ مرحول کو جنت الفردوس میں جگہ دیں اور پسماندہ گان کو صبر جمیل عطا فر مائیں۔
پریس کلب گڑھی حسن سرکی سندھ کے چیئرمین ارشاد علی کنرانی جنرل سیکرٹری نزاکت علی کنرانی اور دیگر صحافیوں اور گورنمنٹ ٹیچرزایسوسی ایشن بلوچستان ضلع صحبت پور کے سینئر نائب صدر شبیر احمد گاجانی اور دیگر اساتذہ نے دانشور وبزرگ صحافی تجزیہ نگار کہنہ مشق صحافی لالا صدیق بلوچ کے انتقال پر سب تحصیل پریس کلب پنہور سنہڑی میں سب تحصیل پریس کلب پنہور سنہڑی کے سینئر صحافیوں میں حسین بخش بمبل کامریڈ حنیف بلوچ کے ہاں سب تحصیل پریس کلب میں تعزیت کی۔
اسی دوران انہوں نے کہاکہ لالا صدیق بلوچ کا انتقال صحافتی تاریخ کا بہت بڑا نقصان ہے۔ اور یہ خلاء پورا نہیں ہو سکتاہے۔ صحافت میں ان کے خدمات بہت بڑے ہیں۔ جو سنہری سیاہی سے رقم کیے جائیں تو بھی کم ہے۔
صدیق بلوچ ایک نفیس اور سخی انسان تھے۔ جن کی ساری زندگی صحافت سے وابستہ رہی اور صحافت سے رغبت تھی ۔ انہوں نے کہا کہ لالا صدیق بلوچ چوٹی کے اہل قلم تھے۔ آخر میں انہوں نے دعائے مغفرت پڑھی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو رحمت کے سائے تلے جگہ دے اور سوگواران کو صبر وجمیل عطاء فرمائے۔