|

وقتِ اشاعت :   February 15 – 2018

پارک لینڈ: امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک ہائی اسکول میں فائرنگ کے باعث 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریاست فلوریڈا کے علاقے پارک لینڈ میں واقع ایک ہائی اسکول میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں متعدد افراد کی ہلاکتوں کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے، اب تک پولیس وہاں سے 17 افراد کی لاشیں نکال چکی ہے اسی طرح زخمیوں کی تعداد کی بہت زیادہ ہوسکتی ہے۔

پولیس کے مطابق 19 سالہ سابق طالب علم نکولس کروز اسکول کے اندر گھسا، الارم بجایا اور بھگدڑ مچنے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 17 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ بعدازاں آپریشن کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس اور امدادی اداروں نے ہلاک شدگان اور زخمیوں کو ایمبولینسز کے ذریعے منتقل کیا۔

واقعے کے بعد اسکول کے باہر واقع گراؤنڈ میں لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کیا اور اسکول میں محصور طلبا اور بچوں کے بارے میں کہا کہ کوئی بچہ اور استاد اپنے آپ کو غیر محفوظ نہ سمجھے۔