کراچی: محکمہ اطلاعات میں پونے 6 ارب روپے کرپشن ریفرنس میں پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن سمیت 12 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
کراچی کی احتساب عدالت میں محکمہ اطلاعات میں پونے 6 ارب روپے کرپشن کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے سابق وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔ جج نے کمرہ عدالت میں موجود ملزمان کو فرد جرم پڑھ کر سنائی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ جج نے ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
واضح رہے کہ شرجیل انعام میمن سمیت تمام ملزمان پر محکمہ اطلاعات سندھ میں 5 ارب 76 کروڑ سے زائد کی کرپشن سے متعلق ریفرنس قائم ہے۔ کیس میں ملوث دیگر ملزمان میں سابق سیکرٹری اطلاعات سندھ ذوالفقارعلی شلوانی، یوسف کابورو، سلمان منصور، منصوراحمدراجپوت، گلزارعلی شامل ہیں۔