سبی : ڈپٹی کمشنر و چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی سالانہ سبی میلہ 2018 محمدذاکر ناصر نے کہا ہے کہ سالانہ سبی میلہ مویشیاں و اسپاں26فروری سے شروع ہوگا۔
پانچ روزہ میلہ مویشیاں 26فروری تا02مارچ تک جاری رہے گا ،میلے کا افتتاح26فروری کووزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کریں گے،سبی میلہ2018میں ہارس اینڈ کیٹل شو،زرعی و صنعتی نمائش ،سرکس ،میوزیکل شو سمیت رنگارنگ پروگرام پیش کیئے جائیں گے۔
میلہ میں چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ ،وفاقی وزراء ،مشیران وفاقی و صوبائی سیکرٹریز کی شرکت بھی متوقع ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سالانہ سبی میلہ2018کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف اجلاس و معائنہ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ سالانہ سبی میلہ مویشیاں واسپاں 2018ہرسال کی طرح امسال بھی شایان شان طریقہ سے منایا جائے گا انہوں نے کہا کہ معاشی و اقتصادی استحکام کے لیے سالانہ سبی میلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو ہماری معیشت کے علاوہ ہماری ثقافت و تاریخ کا بھی امین ہے جو نہ صرف سبی بلکہ صوبہ بھر کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور مویشی منڈی میں کروڑوں روپے کی لین دین کے علاوہ ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو روزگار میسر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سبی میلہ میں سیکورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس ضمن میں سیکورٹی میں غیر معمولی اضافہ کرکے شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر اضافی چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی جبکہ میلہ گراؤنڈ ،مویشی منڈی،زرعی و صنعتی نمائش کو بھی فول پروف بنایا جائے گا ۔
اس ضمن میں سبی پولیس کے علاوہ دیگر اضلاع سے بھی پولیس کی بھاری نفری طلب کی جائے گی جبکہ لیویز فورس ،بلوچستان کانسٹیبلری اور ایف سی کے جوان بھی اپنے فرائض انجام دیں گے ۔
سبی کا سالانہ میلہ 26فروری سے شروع ہوگا
وقتِ اشاعت : February 16 – 2018