واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نورت نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے معاملات میں کوتاہیاں برتنے پر تشویش ہے اس لیے امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان کو عالمی دہشت گردوں سے متعلق مالیاتی ’’واچ لسٹ‘‘ میں شامل کیا جائے۔
میڈیا بریفنگ کے دوران ہیدر نورت نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ پاکستان کو عالمی دہشت گردوں سے متعلق مالیاتی واچ لسٹ میں شامل کرنے کی تحریک پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا امریکا کو کافی عرصے سے اس بات پر تشویش ہے کہ پاکستان منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے حوالے سے کوتاہیاں برت رہا ہے لہٰذا امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان کو نگرانی کی فہرست میں شامل کیا جائے۔ ہیدر نورت نے کہا کہ یہ معاملہ صیغہ راز کا ہے لہٰذااس بارے میں فی الحال اور کچھ نہیں بتایا جاسکتا۔
واضح رہے کہ دوروز قبل ایک اعلیٰ پاکستانی عہدیدار نے کہا تھا کہ امریکا کی جانب سے چند ہفتوں قبل ایک تحریک پیش کی گئی تھی جس کے مطابق پاکستان کو عالمی دہشت گردوں سے متعلق مالیاتی واچ لسٹ (نگرانی کی فہرست) میں شامل کیے جانے کا امکان ہے جس کی نگرانی منی لانڈرنگ پر نظر رکھنے والا گروپ کرےگا۔ اگلے ہفتے پیرس میں منعقد ہونے والی اے ایف ٹی ایف کی میٹنگ میں پاکستان کے خلاف یہ قرارداد منظور ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب پاکستانی مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے گفت و شنید جاری ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم اس بات میں کامیاب ہوجائیں گے کہ پاکستان کو واچ لسٹ میں شامل نہ کیا جائے۔