|

وقتِ اشاعت :   February 16 – 2018

راولپنڈی: پاک فوج نے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کا جواب دیتے ہوئے بھارتی چوکی تباہ کردی نتیجے میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ کنٹرول لائن تتہ پانی سیکٹر میں واقع بھارتی فوجیوں کی چوکی سے آزاد کشمیر میں شہری آبادی پر گولہ باری کی جا رہی تھی، پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا جواب دیتے ہوئے بھارتی فوجی چوکی کو تباہ کردیا جس کے نتیجے میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے ہیں جب کہ جوابی کارروائی میں کئی بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کے خلاف بھارتی دہشت گردی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

دریں اثنا پاک فوج نے بھارتی چوکی پر جوابی گولہ باری کی ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں واضح طور پر چوکی کو تباہ ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج نے آج پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی ہے جس میں ایک سویلین گاڑی پر فائرنگ کی گئی نتیجے میں وین کا ڈرائیور شہید ہوگیا۔