|

وقتِ اشاعت :   February 20 – 2018

اسلام آباد: پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اوررکن قومی اسمبلی محمود خان اچکز ئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی حکومت گرانے میںٖحساس ادارے کا براہ راست ہاتھ ہے، سینیٹ انتخابات جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں۔

فوج ، ججز اور پارلیمنٹرینز آئین کے تحفظ کا حلف اٹھاتے ہیں مگرسب دیکھ رہے ہیں کہ کیا تماشا ہو رہا ہے،یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ کوئی ایک طرف کہے کہ ہم آئین کے ساتھ ہیں اور ان کا ایک آدمی حکومتیں گرانے میں لگا رہے، سینیٹ انتخابات کے لئے باقاعدہ منڈی لگی ہوئی ہے۔

وہ پیر کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کر رہے تھے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے اخبارات میں مختلف خبریں چھپ رہی ہیں،جن سے ہماری جگ ہنسائی ہو رہی ہے، ہمیں بولنے نہیں دیا جا رہا ، پارلیمنٹ خاموش ہوگئی ہے ۔ فوج ، ججز اور پارلیمنٹرینز آئین کے تحفظ کا حلف اٹھاتے ہیں مگرسب دیکھ رہے ہیں کہ کیا تماشا ہو رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی حکومت گرانے میں ٖحساس ادارے کا براہ راست ہاتھ ہے ۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ کوئی ایک طرف کہے کہ ہم آئین کے ساتھ ہیں اور ان کا ایک آدمی حکومتیں گرانے میں لگا رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک رضاکارانہ فیڈریشن ہے ،ہر بات کا سوموٹو ایکشن لیا جاتاہے ایسا کیا ہو رہا ہے پاکستان میں ؟خدا کے لئے اگر اپنے حلف سے سچے ہیں تو سیاست میں مداخلت بند کریں ۔ سینیٹ انتخابات کے لئے باقاعدہ منڈی لگی ہوئی ہے ۔ انسانوں کو منڈی بنا کر کیا پیغام دیا جا رہا ہے؟ ۔