|

وقتِ اشاعت :   February 22 – 2018

 کراچی: دونوں گروپوں سے ناراض ایم کیو ایم کے متعدد اراکان اسمبلی نے نیا گروپ بنانے پر غور شروع کردیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مسائل میں مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے، پہلے سینیٹ ٹکٹوں کے معاملے پر فاروق ستار اور بہادرآباد گروپ کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آئے جس کے بعد رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو سربراہ ماننے سے انکار کردیا جب کہ فاروق ستار نے بھی رابطہ کمیٹی کو تحلیل کردیا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے متعدد اراکین اسمبلی دونوں گروپوں سے ناراض ہیں اور نیا گروپ بنانے پر غور کررہے ہیں، جب تک دونوں گروپ ایک نہیں ہوجاتے، ناراض اراکین سندھ اسمبلی کے سیشن سمیت کسی بھی اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ناراض اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال رہی تو سینٹ انتخابات میں ووٹ بھی نہیں ڈالیں گے، ایم کیو ایم کے دونوں گروپس سے ناراض اراکین سندھ اسمبلی کی تعداد 15 ہے جب کہ اگر یہی صورتحال بر قرار رہی توایم کیوایم کے لیے سینیٹ کی ایک نشست بھی حاصل کرنا مشکل ہوجائے گا۔