|

وقتِ اشاعت :   February 28 – 2018

کوئٹہ :  امراض قلب کے مریضوں کے لئے اسٹنٹس کی مد میں کروڑوں روپے خورد برد کرنے کے الزام میں امراض قلب کے سابق سربراہ ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ایس ڈی ، سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ، ڈائریکٹر لاجیسٹکس ہیلتھ سروسز ،سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ایس ڈی ، اسسٹنٹ پروفیسرز میڈیسن ، فارماسسٹس سمیت 13 ملزمان کے خلاف قومی احتساب بیورو ( نیب ) بلوچستان نے ریفرنس نیب عدالت میں دائر کردی ہے ۔

جس پر احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب عبدالمجید ناصر نے ریفرنس میں نامزد ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں اور ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو گرفتار کرکے ہدایت کے روبرو پیش کیا جائے ۔

نیب کی جانب سے گزشتہ روز اسپیشل پراسکیوٹر راشد زیب گولڑہ نے ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ ون میں دائر کی جس میں امراض قلب کے سابق سربراہ ڈاکٹر عابد آمین ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ایس ڈی محمد یوسف بزنجو ، سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکٹر مسعود قادر نوشیروانی ، سابق ڈائریکٹرز ( لاجیسٹکس) ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکٹر عیسیٰ خان جوگیزئی ، ڈاکٹر عطاء محمد ، سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ایس ڈی ڈاکٹر عبدالغفار کیانی ، اسسٹنٹ پروفیسر میڈیسن ڈیپارٹمنٹ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال بلوچستان ڈاکٹر سعید احمد ، اسسٹنٹ پروفیسر سرجری ڈیپارٹمنٹ بی ایم سی ڈاکٹر شعیب احمد قریشی ، اسسٹنٹ پروفیسر میڈیسن ڈیپارٹمنٹ بی ایم سی ڈاکٹر بشیر اللہ ، فارماسسٹ میڈیکل سٹور ڈیپارٹمنٹ کوئٹہ رحمت اللہ خان ، فارماسسٹ میڈیکل سٹور ڈیپارٹمنٹ سیف الرحمن ، سابق ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ ٹیک ڈاکٹر نوشیروان یار خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر احمد علی اسلم کو نامزد کیا گیا ہے ۔

ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ملزمان نے اسٹنٹس کی مد میں96 کروڑ 78 لاکھ 2 ہزار 6سو 92 روپے خورد برد کئے ہیں جس پر عدالت نے تمام ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔

بعد ازاں سماعت کو 9 مارچ تک کے لئے ملتوی کردیا گیا ۔ یاد رہے مذکورہ کیس میں نیب کی جانب سے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ایس ڈی محمد یوسف بزنجو ، ہیلتھ ٹیک کمپنی کے ڈاکٹر نوشیروان یار خان اور ہیلتھ ٹیک کے ہی چیف آپریٹنگ آفیسر احمد علی اسلم کو پہلے ہی گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی گئی تھی ۔

گزشتہ روز نیب کی جانب سے ریفرنس عدالت میں پیش کی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات دیدیئے ہیں ۔