|

وقتِ اشاعت :   March 1 – 2018

کوئٹہ : پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ آج قلعہ عبداللہ کی غیور عوام نے نفرت اور قوم پرستی کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے قلعہ عبداللہ میں دفن کردیا نفرت کی سیاست کا باب ختم ہوچکا ہے جو لوگ برادار اقوام غیرت مند پشتونوں اور بلوچوں کو لڑانے کی سازش کررہے تھے۔

آج ان کی سازش ناکام ہوگئی بلوچستان میں صدیوں سے آباد پشتون اور بلوچ آپس میں بھائی بھائی ہیں اور ہمیشہ ہم اتفاق اور محبت سے صوبے میں رہیں گے ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے زیر اہتمام میزئی اڈا قلعہ عبداللہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ آج ہزاروں کی تعداد میں عوام اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے جلسے میں شرکت کرکے قوم پرست جماعت کو مسترد کرکے پاکستان تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیدیا آج قلعہ عبداللہ کی حالت دیکھ کر افسوس ہورہا ہے اربوں روپے ملنے کے باوجود ضلع کی حالت نہایت پسماندہ ہے ۔

ہم تو سمجھتے تھے محمود خان اچکزئی صاحب نے قلعہ عبداللہ کو ترقی دی ہوگی اور یہاں حالات پورے بلوچستان سے مختلف ہوگے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ علاقے کے حالات اور ترقی کی صورتحال اٹھارویں صدی سے بھی بدترہے ۔

سبی میں میر چاکر رند کے نام پر بننے والی یونیورسٹی کی مخالفت کرنے والوں نے اپنے ضلع میں تعلیم اور صحت کی کوئی سہولیات فراہم نہیں کی آج پورے ضلع میں مریضوں کے لئے نہ کوئی بہترین ہسپتال ہے نہ کوئی بہترین تعلیم ادارہ ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قلعہ عبداللہ کی عوام آنے والے الیکشن میں ان نام نہاد قوم پرستوں کو بری طرح مسترد کریں گی آنے والا دور پاکستان تحریک انصاف کا ہے نواز شریف کے ہمدردوں اور اتحادی بھی اس کے تمام گناہوں میں برابر کے شریک ہیں ۔

جس طرح نواز شریف نے پاکستان کی عوام کو پسماندہ رکھا اور پاکستان کی عوام کی دولت لوٹی اسی طرح بلوچستان میں بھی ان کے اتحادیوں نے بھی بلوچستان کی عوام کی ترقی پر شب خون مارا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکرٹری قاسم خان سوری ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار خادم وردگ ،صوبائی سینئرنائب صدر خدائینور خان ، ویسٹ ریجن کے صدر عبدالباری بڑیچ ، ویسٹ ریجن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر منیر بلوچ کا کہنا تھا کہ قوم پرست جماعت نے قلعہ عبداللہ کے نام پر اربوں روپے لئے لیکن قلعہ عبداللہ کی حالت پر آج رحم آرہا ہے۔

بلوچستان کی عوام باشعور اور غیرت مند ہے اب کوئی بھی قوم پرستی کے نام بلوچستان کی عوام کو بیوقوف نہیں بناسکتا عوام 2018 کے انتخابات میں قوم پرستوں کو نواز شریف کی وفاداری کرنے پر اپنے غیرت مند ہونے کا مکمل ثبوت دیں گی جس طرح محمود خان نے ایک کرپٹ شخص کا ساتھ دیتے ہوئے کہا تھا کہ جو نواز شریف کا ساتھ نہیں دیں گا وہ بے غیرت ہوگا ۔

آج قلعہ عبداللہ کی عوام نے فیصلہ دیدیا کہ وہ غیرت مند بھی ہیں اور عمران خان کے ساتھ بھی ہیں محمود خان اور نواز شریف ماضی کا قصہ ہیں صوبائی اسمبلی میں کھڑے ہوکر قوم پرست جماعت کا تعلیمی ادارے کے نام پر سیاست کرنا اور تعلیم دشمن پالیسی ان کے کردار اور نفرت کی سیاست کی عکاسی کرتا ہے ساڑھے چار سال حکومت ملنے کے باوجود قوم پرست جماعت نے صوبے کی عوام کے لئے کوئی فلاحی اور عوامی اقدامات نہیں کئے۔

آج جب صوبے کی عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے تو یہ لوگ وہی پرانی نفرت کی سیاست کرکے زندہ رہنا چاہتے ہیں قلعہ عبداللہ جلسے میں محمود خان کے گھر میں جلسے میں موجود ہزاروں کی تعداد میں عوام نے کھڑے ہوکر میر چاکر رند یونیورسٹی کے حق میں قرارداد منظور کی۔