|

وقتِ اشاعت :   March 1 – 2018

سبی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سبی کا سالانہ میلہ مویشیاں بلوچستان کی تہذیب وتاریخ اور تمدن کا گہوارہ ہے ،سبی میلہ عوام میں روابط قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔

سبی میلہ نہ صرف سبی بلکہ بلوچستان کی معیشت کو استحکام بخشنے کے لیے اہمیت کا حامل ہے ،بلوچستان میں امن لوٹ آیا ہے ،چند مٹھی بھر عناصر بیرون ممالک بیٹھ کر صوبے کے معصوم جوانوں کو گمراہ کرتے تھے ان کے عزائم خاک میں مل چکے ہیں،سبی میلہ بھائی چارئے اور امن کا ایک پیغام ہے جسے دنیا بھر تک پھیلانا ہے ۔

سبی میں واٹر سپلائی اور سیوریج کے لیے ایک ارب20کروڑ جبکہ بندات کی تعمیر کے لیے 30کروڑ روپے اگلے مالی سال کے بجٹ میں رکھا جائے گا،لہڑی کے عوام کے لیے انٹر کالج جبکہ سبی میں بہادر خان ویمن یونیورسٹی کا کیمپس قائم کیا جائے گا ،سبی پریس کلب کی تزئین و آرائش کے لیے 20لاکھ روپے کااعلان کرتا ہوں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی کے سالانہ تاریخی میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا سبی میلہ2018کی افتتاحی تقریب میںآئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم انجم، صوبائی وزیر فشریز سردار سرفراز خان ڈومکی،صوبائی وزیر امور حیوانات آغا رضا شاہ،صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات میر عاصم کرد گیلو،صوبائی وزیر بلدیات حاجی غلام دستگیر بادینی،رکن قومی اسمبلی میر دوستین خان ڈومکی ،رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان لہڑی،کمشنر سبی ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ،برگیڈئیر آرٹلری33سبی گیریژن شہزادہ شاہد نواز،کمانڈنگ آفیسر 34میڈیم کرنل رانا آصف،کمانڈنٹ سبی اسکاؤٹس کرنل ذوالفقار باجوہ ،صوبائی سیکرٹری داخلہ غلام علی بلوچ،سیکرٹری امور حیوانات اکبر حریفال،ڈپٹی کمشنر و چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی سبی میلہ 2018محمد ذاکر ناصر ،میونسپل چیئرمین سردار زادہ میر حیر بیار خان ڈومکی سمیت قبائلی عمائدین و معتبرین خواتین سمیت بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

قبل ازیں سالانہ سبی میلہ کا افتتاح وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے رنگا رنگ تقاریب سے کیا ،اس موقع پر ہارس اینڈ کیٹل شو ،نیزہ بازی ،گھڑ دوڑ ،فلاور شو ،بینڈ شو ،چاروں صوبوں بشمول کشمیری رقص کے علاوہ جانوروں کی پریڈ بھی پیش کی گئی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ الحمد اللہ سرزمین بلوچستان میں موسم بہار کی طرح امن لوٹ آیا ہے اور عوام امن و سکون کے ساتھ اپنی زندگی گزار رہے ہیں وہ دور چلا گیا جب بیرون ممالک میں بیٹھے چند مٹھی بھر عناصر صوبے کے جوانوں کو چند روپوں کی خاطر گمراہ کرکے انہیں دہشت گردی جیسے ناپاک عزائم کے لیے استعمال کرتے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر بلوچستان اور یہاں کے عوام کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ آج مجھے بے حد خوشی ہورہی ہے کہ میں سبی میلے کا افتتاح کررہا ہوں بچپن میں اپنے والد محترم کے ساتھ سالانہ سبی میلہ ہر سال دیکھنے کے لیے آتا تھا اور آج مجھے اس میلے کا افتتاح کرنے کا اللہ پاک نے اعزاز بخشا ہے جو میر ئے لیے انتہائی خوشی کا باعث ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سبی میلہ بلوچستان کی تہذیب و تمدن اور تاریخ کا گہوارہ ہے جو ہماری ثقافت کا امین رہا ہے سبی میلہ منہ صرف سبی بلکہ صوبہ بھر کی معیشت کا استحکام بخشنے میں اہمیت کا حامل ہے جبکہ صوبے میں مالداری اور زراعت کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سالانہ سبی امن و بھائی چارئے کو فروغ دینے کے لیے صوبے کے عوام کو آپس میں روابط قائم رکھنے میں بھی اہمیت رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ سبی شہر کی نکاسی آب اور سیوریج نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایک ارب 20کروڑ روپے کی خطیر رقم کی لاگت کے منصوبے کو اگلے مالی سال کے بجٹ میں ضرور ترجیح دی جائے گی۔

اس کے علاوہ سبی میں سیلابی پانی کو اسٹور کرنے کے لیے بندات کی تعمیر کے لیے بھی 30کروڑ روپے رکھیں گے انہوں نے کہا کہ ہم نے اقتدار میں آتے ہی تعلیمی سیکٹر پر توجہ دی ہے اور اس ضمن میں آتے ہی تعطل شدہ منصوبہ چاکر اعظم یونیورسٹی کی تعمیر کو یقینی بنایا جبکہ دیگر تعطل شدہ منصوبوں کو بھی جلد تکمیل تک پہنچائیں گے ۔

انہوں نے کہا لہڑی میں 50لاکھ روپے کی خطیر رقم کی لاگت سے انٹر کالج جبکہ سبی میں خواتین کے لیے بہادر خان ویمن یونیورسٹی کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جائے گا انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پریس کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور اس ضمن میں سبی پریس کلب کی تزئین و آرائش کے لیے 20لاکھ روپے جبکہ صحافیوں کے لیے 05 کا اعلان کرتا ہوں ۔

اس موقع پر انہوں نے بیف اینڈ ریسرچ سینٹر میں تحقیقاتی عمل کے لیے 08کروڑ روپے،مالداروں کے لیے 20،فلاور شو میں فی کس بچے کے لیے20ہزار،بینڈ کے لیے 05لاکھ روپے جبکہ بچوں کے لییایک لاکھ روپے ،نیزہ بازی کے لیے 02لاکھ روپے،ڈرل آرمی کے لیے02لاکھ ،موٹر سائیکل جھمپ اور کار جھمپ کا مظاہرہ کرنے والوں کے لیے ایک ایک لاکھ روپے ،کیڈٹ کالج مستونگ کے طلباء کے لیے2لاکھ ،علاقائی رقص اور دھن کے لیے 03لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ۔

اس کے علاوہ سیکورٹی ڈیوٹی انجام دینے پر پولیس ،لیویز اور ایف سی و آرمی کے لیے دس دس لاکھ روپے کا اعلان بھی کرتا ہوں تاکہ ان کی مزید حوصلہ افزائی ہو سکے انہوں نے مزید کہا کہ زندہ قومیں اپنا قومی تہوار جوش و جذبہ کے ساتھ مناتی ہیں اور سبی میلہ کو شاندار انداز میں مناکر سبی کے عوام نے ثابت کردیا کہ یہاں کے عوام زندہ دل ہیں اور یہاں کے عوام اپنا قومی و ثقافتی تہوار سبی میلے کو انتہائی جوش جذبہ کے ساتھ مناتے ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے۔