|

وقتِ اشاعت :   March 5 – 2018

کوئٹہ : پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات کے بعد سینٹ چیئرمین بھی پیپلزپارٹی سے ہوگا اور ملک میں اگلی حکومت بھی پیپلزپارٹی کی ہوگی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

بلوچستان سے نفرت کی سیاست کو ختم کریں گے اور سی پیک جیسے اہم منصوبے سے بیروگاری کا خاتمہ بھی کریں گے مذہب پرستوں اور قوم پرستوں نے بلوچستان کو تباہی و بربادی سے دوچار کیا سینٹ انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور کوئٹہ میں ممبر سازی ہورہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیسیٰ نگری میں ممبر سازی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ‘ سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی ‘ چوہدری سلامت ‘ بلال مندوخیل ‘ اخترشاہوانی اور سردارریاض شاہوانی نے بھی خطاب کیا ۔

پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر علی مدد جتک نے کہا کہ چیئرمین سینٹ پیپلزپارٹی کا ہوگا اور تمام سیاسی جماعتوں اور آزاد اراکین سے رابطے کئے جارہے ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ چیئرمین سینٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ ہمارا ہوگا کیونکہ جس طرح سابق چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے جس طرح ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے جو کردار ادا کیا وہ سب کے سامنے ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ اس مرتبہ بھی چیئرمین سینٹ پیپلزپارٹی سے ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات ہونے کے بعد ملک کے وزیراعظم اور صدر بھی پیپلزپارٹی سے ہونگے جس میں بلوچستان کو بھی بھرپور نمائندگی دی جائے گی انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر سی پیک جیسے منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے تلے ہوئے ہیں ان کے عزائم کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور بلوچستان میں جس طرح نفرت کی سیاست کی جارہی ہے اس کا اب خاتمہ ضروری ہے ۔

پیپلزپارٹی نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کو دفن کیا ہے اب ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان میں مذہب پرستوں اور موقع پرستوں کی سیاست کا خاتمہ کریں کیونکہ انہوں نے ہمیشہ اپنے ذاتی مفادات کے لئے برادر اقوام کے درمیان نفرت پیدا کی ہے ۔