مردان: پولیس نے مشال قتل کیس کے مرکزی ملزم عارف خان کو گرفتار کرلیا ہے۔
گزشتہ برس مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی کے طالب علم مشال خان کے قتل کے مرکزی ملزم عارف خان کو گیارہ ماہ بعد گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ڈی پی او مردان ڈاکٹر میاں سعید نے عارف کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم تحریک انصاف کا سابق کونسلر ہے اور اسے عدالت کی جانب سے مفرور قرار دیا گیا ہے، جسے مردان کے علاقے چمتار سے گرفتار کیا گیا ہے۔
عارف ہی وہ شخص ہے جس نے مشال خان کے قتل کے وقت اشتعال انگیز تقریر کی تھی اور اس کی وڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی تاہم قانون کے حرکت میں آنے کے بعد عارف فرار ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ مشال خان قتل کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گولی چلانے والے عمران علی کو سزائے موت، پانچ مجرمان کو 25، 25 سال جب کہ 25 مجرموں کو چار، چار سال قید کی سزا سنائی تھی ، اس کے علاوہ 26 ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا تھا۔