|

وقتِ اشاعت :   March 10 – 2018

لاہور: لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کرپشن کیس میں خواجہ سعد رفیق نے سپریم کورٹ میں پیش ہوکر پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی ملکیت کا الزام مسترد کردیا۔

 سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ایل ڈی اے سٹی اور پیراگون سٹی سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی۔ وفاقی وزیرخواجہ سعدرفیق عدالت میں پیش ہوئے۔ سعدرفیق نے عدالت میں بیان دیا کہ پیرا گون سٹی سے میرا کوئی تعلق نہیں، البتہ پیراگون سٹی کے شیئر ہولڈرز میرے ووٹرز اور حامی ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پورا شہر کہہ رہا ہے کہ آپ پیراگون سٹی کے مالک ہیں اور آپ کہہ رہے ہیں کہ آپ کا کوئی تعلق ہی نہیں۔

سعدرفیق نے بیان دیا کہ میں کسی ہاؤسنگ سوسائٹی کا مالک نہیں ، یہ الزامات سن سن کر میرے کان پک چکے ہیں، 2 ڈھائی سال سے میرا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے، مجھ میں دنیا کی تمام برائیاں تلاش کی جارہی ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سیاسی تقریر کرنے کی ضرورت نہیں سیدھی بات کریں، نیب تحقیقات کررہی ہے۔ عدالت نے وفاقی وزیرسے بیان حلفی طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔