|

وقتِ اشاعت :   March 13 – 2018

کوئٹہ : پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر اور سینٹ میں پارلیمانی لیڈر محمد عثمان خان کاکڑ نے کہا ہے کہ آئین میں ترمیم اور اضافہ کرنا عدلیہ کا کام نہیں بلکہ آئین میں ترمیم کرنا پارلیمنٹ کاکام ہے ہمیں سول مارشل لاء قبول نہیں ، عوام کی طاقت خدا کی طاقت ہوتی ہے ۔ 

یہ بات انہوں نے پیر کو چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات کے بعد سینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے نومنتخب چیئرمین محمد صادق سنجرانی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ صادق سنجرانی ، سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کے ٹریک سے اترے تو ہمارا مبارکباد دینا عذاب بن جائے گا اور خود اس کے لئے بھی اچھا نہیں ہوگا کیونکہ ایوان بالا کے لئے کئی لوگوں نے قربانیاں دی ہیں۔ 

انہوں نے کہاکہ لوگ بنگلہ دیش کی تقسیم سے سبق نہیں سیکھ رہے ہیں اداروں کی مداخلت کسی کے لئے بہتر نہیں ہے اور کچھ عناصر نے جمہوریت کو شکست دینے کے لئے ایک محاذ قائم کردیا ہے اس لئے میری تمام جماعتوں سے اپیل ہے کہ وہ جمہوریت کی بقاء اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے متحد ہوجائیں کیونکہ پارلیمنٹ میں مداخلت ملک کے لئے زہر قاتل ہے ۔

سینیٹر عثمان کان کاکڑ نے کہاکہ جمہوری نمائندوں کو سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی پر فخر ہے لہذا عوام کو بے توقیر نہ سمجھا جائیں کیونکہ عوام ہی ووٹ کے ذریعے اراکین پارلیمنٹ کو اپنے حقوق کی دفاع اور جمہوریت و پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے اسمبلیوں میں بھیجواتے ہیں اس لئے عوام کی طاقت ہی اصل طاقت ہے ۔