|

وقتِ اشاعت :   March 15 – 2018

 اسلام آباد: پاکستان نے نئی دہلی میں سفارتی عملے کو ہراساں کیے جانے کے پے در پے کئی واقعات کے بعد بھارت سے اپنے ہائی کمشنر کو مشاورت کے لیے طلب کرلیا ہے ۔

 پاکستان نے بھارت سے اپنے ہائی کمشنر کو واپس بلالیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کو سفارتی عملے کو ہراساں کیے جانے کے بعد مشاورت کے لیے واپس بلایا گیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہائی کمشنر سے سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کے واقعات پر مشاورت ہوگی جب کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے واقعہ پر احتجاج بھی کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ  گزشتہ دنوں بھارت میں پاکستانی سفارت کاروں اور ان کے بچوں کو ہراساں کرنے کے واقعات پیش آئے تھے، پہلے واقعے میں نئی دہلی میں تعینات سینئر سفارتکار کی گاڑی کو ایک کار نے روکا اور سفارتکار کی گاڑی کو آگے نہیں جانے دیا گیا۔ پھر راستہ روکنے والی گاڑی میں سے ایک شخص نے اتر کر سفارتکار کی تصاویر کھینچیں۔ دوسرے واقعے میں پاکستانی سفارت کار کی گاڑی کو روک کر ان کے بچوں کو ہراساں کیا گیا۔