کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی بیان میں موجودہ صوبائی حکومت کے کئی صوبائی اہم محکموں کو پرائیویٹ افراد کے ذریعے غیر آئینی اور غیر قانونی طریقے سے چلانے اور ان غیر افراد کو ا ن محکموں کے انچارج بنانے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت میں شامل مخصوص پارٹیوں کا دوغلا پن قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے دعویدار جمعیت (ف) اور اے این پی سمیت مختلف پارٹیوں کے پرائیویٹ غیر اعلان شدہ مشیروں کے ذریعے پی اینڈ ڈی ، کیو ڈی اے سمیت کئی محکموں میں پرائیویٹ افراد کی غیر قانونی بڑھتی ہوئی مداخلت نے تمام صوبے کے ترقیاتی وغیر ترقیاتی امور سمیت تمام حکومتی مشینری کو تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا ہے ۔
اور ذاتی پسند وناپسند کی بنیادپر سفارشات اور ہر محکمے میں بلاجواز اور غیرقانونی تبادلوں نے ہر محکمے میں سرکاری امور چلانے کی بجائے ٹھپ ہوکر رہ گئے ۔صوبے کے اعلیٰ افیسران سمیت ان سے مربوط محکموں کی مکمل اکثریت حیرانی اور پریشانی کی صورتحال سے دوچار ہے اور صوبے کے ہر ضلع میں ترقیاتی کاموں کو مخصوص ٹھیکیداروں کے نام سے مشروط کرکے ان کی اہمیت اور معیاری کام کی توقع ختم کی جارہی ہے ۔
جبکہ جن محکموں کے صوبائی وزراء موجودہے ان کی بھی احکامات ماننے کی بجائے مخصوص پرائیویٹ مافیا کے غیر قانونی سفارشات کو ترجیحی دی جارہی ہے ۔اور اسی طرح کئی منتخب نمائندوں نے اپنے بھائی ، بیٹے ، بھتیجے ، عزیزواقارب اور شوہر تک کے افراد کو خفیہ معاہدوں کے ذریعے مشیروں اور اعلیٰ ملازمتوں کے عہدوں سے نوازتے ہوئے صوبے کے غریب پشتون ،بلوچ عوام کی حق حکمرانی کی بدترین توہین کی ہے اور خود اتنی اخلاقی جرات سے محروم ہے کہ وہ عل اعلان حکومت میں شمولیت کی بات تک نہیں کرسکتے ۔اور ملکی آئین کے مطابق صوبائی وزراء اور تمام مشیروں کی تعداد کو ملا کر کھلی آئینی خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔
لہٰذا صوبائی حکومت کے سنگین غیر آئینی ،غیر جمہوری اور غیر قانونی پالیسی اور اقدامات صوبے کے حقیقی سیاسی جمہوری قوتوں اور غیور پشتون بلوچ عوام کو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ اور اس پشتون بلوچ مشترکہ صوبے کے غیور عوام کو ووٹ کے ذریعے ملنے والی حق حکمرانی کا حق موجودہ حکومتی نمائندوں کی لپاظی اوراخباری بیانات کے ذریعے حاصل نہیں ہوئی بلکہ صوبے کے پشتون بلوچ وطن دوست، عوام دوست ،عظیم رہنماؤں اور ان کے ساتھیوں اورکارکنوں کی طویل اور تاریخ ساز جدوجہد اور قربانیوں کی مرہون منت ہے ۔
لہٰذا صوبے کے غیور عوام نام نہاد عوامی خدمت ، اسلام ، قوم دوستی اور نام نہاد آئینی تبدیلی کے نام پر خفیہ معاہدوں اور مخصوص افراد کے ذریعے صوبے پر مسلط ہونیوالی حکومت اور اس کے تمام غیر آئینی وغیر قانونی اقدامات کیخلاف ڈٹ جانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور اس بات کی گواہ اس صوبے اور اس ملک کی تاریخ ہے ۔
لہٰذا صوبائی حکومت میں شامل آشکارہ اور چھپے ہوئے تمام پارٹیوں پریہ واضح کرنا ضروری ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت اپنے آئینی اور قانونی حدود کے اندر اپن تمام ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے سرانجام دینگے اور تمام سرکاری محکموں میں پرائیویٹ مافیا کی جاری مداخلت کو فوری طور پر ختم کرنے اور تمام اعلیٰ افیسران سمیت ضلعوں کی سطح پر سرکاری ملازمین کے خلاف بلاجواز غیر قانونی کارروائیوں بالخصوص بلاجواز وغیر قانونی تبادلوں کی روش ختم کرتے ہوئے بلا امتیازاور حکومتی قوانین کے مطابق اُنہیں اپنی خدمات سرانجام دینے کے مواقع فراہم کرینگے ۔