اسلام آباد:پاک فضائیہ کے نئے تعینات ہونے والے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کمانڈ سنبھالنے کے بعد نیول ہیڈ کوارٹرز کا پہلا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی۔
نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی جس کے بعد نیول ہیڈکوارٹرز میں تعینات پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ایئر چیف کا تعارف کر وایا گیا۔
باہمی ملاقات کے دوران سربراہ پاک بحریہ نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کو ترقی پانے اور پاک فضائیہ کی کمان سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ دونوں افواج کے مضبوط تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ تمام اہم آپریشنل اورانٹرسروسز اُمور کی انجام دہی کے لیے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مابین تعاون اور مؤثر رابطوں میں مزید اضافہ ہو گا۔سربراہ پاک بحریہ نے قوی یقین کا اظہار کیا کہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی سربراہی میں پاک فضائیہ ترقی کی نئی منازل طے کرے گی۔
نیول ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو پاک فضائیہ کے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لئے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ کا نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ
وقتِ اشاعت : March 22 – 2018