|

وقتِ اشاعت :   March 24 – 2018

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے سرچ آپریشن کے نام پر مزید 2 نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی جاری ہے اور ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوجیوں نے سرچ آپریشن کے نام پرمزید 2 نوجوانوں کوشہید کردیا۔

نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں بھارتی فوج کے خلاف مظاہرے کیے گئے جس پر بھارتی فورسز کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں برسائی گئیں جب کہ وادی میں موبائل و انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اورشہری آبادی کونشانہ بنایا جارہا ہے جس پر اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے۔