|

وقتِ اشاعت :   March 29 – 2018

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سوات کے علاقے کبل میں آرمی یونٹ پر خودکش حملے میں افغانستان کی مداخلت کا ڈوزیئر افغان حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے سوات کے علاقے کبل میں آرمی یونٹ پر ہونے والے خودکش حملے میں افغانستان میں موجود کالعدم تحریک طالبان کے ملوث ہونے کے ثبوت افغان حکام کو دے دیئے ہیں، پاکستان نے ثبوتوں پر مبنی ڈوزیئر افغان سفارتخانے کے حوالے کیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ڈوزیئرمیں تحریک طالبان اور جماعت الاحرار سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کے افغانستان میں ٹھکانوں کی موجودگی کے ثبوت بھی موجود ہیں، دہشت گرد گروپ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کررہے ہیں اور سرحد پار سے ہی پاک فوج کی چیک پوسٹوں اور سول تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔  پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان سرحد پار سے تخریب کاری کی کارررائیوں میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔