اسلام آباد: چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ شہباز شریف کو عدالت آنے کا شوق ہے، بلایا تو آنا پڑجائے گا۔
پنجاب میں ورک چارج ملازمین کی مستقلی سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی۔ دوران سماعت چیف جسٹس اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب میں دلچسپ مکالمہ ہوا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل عاصمہ عاصمہ حامد نے کہا کہ ملازمین کی 2012ء میں ہونے والی بھرتیاں غیرقانونی ہیں، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے پوچھا بھرتیاں کس کے حکم پر ہوئیں تھیں۔
عاصمہ حامد نے کہا کہ بھرتیاں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حکم پر ہوئیں تھیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیوں نہ شہباز شریف کو نوٹس جاری کریں، حکومت اپنے ہی وزیراعلیٰ کی بھرتیاں غیرقانونی قرار دے رہی ہے، سرکاری اداروں کا ورک چارج پر ملازمت دینا قانون کے ساتھ فراڈ ہے، بھرتیاں بظاہر بدنیتی پر مبنی تھیں،
عاصمہ حامد نے چیف جسٹس سے کہا کہ ایسے الفاظ میرے کھاتے میں نہ ڈالیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو بلایا تو انہیں پیش ہونا پڑے گا، ویسے بھی شہباز شریف کو عدالت آنے کا بہت شوق ہے۔
عدالت نے ملازمین کی مستقلی کیخلاف صوبائی حکومت کی اپیل خارج کردی۔