|

وقتِ اشاعت :   April 3 – 2018

 اسلام آباد: ہائیکورٹ بار کے صدر جاوید اکبر شاہ نے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سے شدید بدتمیزی کی۔

 احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی تو ضمنی ریفرنس میں شریک ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔

دوران سماعت شریک ملزم کے وکیل صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار جاوید اکبر شاہ نے جج محمد بشیر سے سخت زبان استعمال کرتے ہوئے بدتمیزی کی۔انہوں نے کہا کہ ملزم منصور کا وکیل ہوں، مجھے التواء چاہئے جس پر جج محمد بشیر نے وکیل سے وکالت نامہ طلب کرتے ہوئے کہا کہ آپ آرام سے بات کریں اور اپنا وکالت نامہ دیں، صدر ہائیکورٹ بار عدالت میں وکالت نامہ پھینک کر چلے گئے۔ 

وکیل جاوید اکبر شاہ نے کہا کہ خود بھی جا رہا ہوں اور ملزم کو بھی لے جا رہا ہوں،وکیل جاوید اکبر شریک ملزم منصور رضا رضوی کو کمرہ عدالت سے لے کر فرارہو گئے، عدالت نے ملزم منصور رضا رضوی کی طلبی کے لیے تین بار آواز لگوائی،ملزم پیش نہ ہوئےجس کے بعد کیس کی مزید سماعت 5 اپریل  کے لیے ملتوی کردی گئی۔

بعدازاں صدر ہائیکورٹ بار جاوید اکبر شاہ کو جج سے بدتمیزی کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔