لاہور: ہائیکورٹ نے جماعت الدعوۃ کی فلاحی سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈالنے پر حکومت سے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں جماعت الدعوۃ کی فلاحی سرگرمیوں میں حکومتی رکاوٹوں کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی،درخواست جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید نے ایڈووکیٹ اے کے ڈوگر کی وساطت سے دائر کی گئی۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ جماعت الدعوۃ ہمیشہ سے فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہی ہےتاہم اب حکومت نے امریکا اور بھارت کے دباؤ میں آکر جماعت کے فلاحی کاموں میں رکاوٹیں کھڑی کرنا شروع کر دی ہیں جب کہ کسی شخص یا جماعت کو فلاحی سرگرمیوں سے روکنا غیر آئینی اقدام ہے۔
عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعدحکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب داخل کرانے کی ہدایت کردی اور سماعت ملتوی کردی۔