|

وقتِ اشاعت :   April 5 – 2018

 اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان جامع مذاکرات کے لئے تیار ہے لیکن بھارت راہ فرار اختیار کررہا ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج نے صرف 2 سے 3 دن کے اندر 20 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا، شہدا کی عمریں 19 سے 27 سال تھیں اور ان میں حفاظ کرام اور ایم فل اسکالرز بھی شامل تھے، ان ہی دو روز میں بھارتی افواج نے پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کرکے 40 افراد کو بینائی سے محروم کیا اور 3 سو سے زائد نہتے کشمیری زخمی ہوئے۔ بھارتی فوج کے مظالم نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ 

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنارہا ہے اور ان کا حوصلہ توڑنے کے لئے ان پر مظالم ڈھا رہا ہے جس کی پاکستان شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، پاکستان نے بھارتی مظالم کے جواب میں کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، وزیراعظم نے بھارتی فوج کے مظالم سے زخمی ہونے والے افراد کے لئے دنیا کے کسی بھی ملک میں علاج کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے کابینہ اور قومی سلامتی کمیٹی کے خصوصی اجلاس بلائے جن میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جب کہ  کابینہ نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کی قرار داد منظور کی اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کشمیر کی کشیدہ صورتحال کے حوالے سے دنیا کے اہم ممالک میں نمائندہ وفود بھیجے گا۔

پاک بھارت دو طرفہ جامع مذاکرات کے حوالے سے  ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان مذاکرات سے نہیں بھاگ رہا بلکہ  ہروقت تیار ہے لیکن بھارت مذاکرات سے راہ فرار اختیار کررہا ہے۔

واضح رہے کہ ترجمان دفترخارجہ کی بریفنگ کے آغاز پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ویڈیو چلائی گی جس کا ٹائٹل ’کشمیر غموں اور ددر کی وادی دوزخ میں بدلی جنت‘ رکھا گیا تھا جب کہ ویڈیو میں کشمیر کی خوبصورتی اور بھاری مظالم کو اجاگرکیا گیا۔