کراچی : چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے آج کراچی وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت ، پاکستان کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد تاجر برادری اور بحری شعبے کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا تھا تاکہ ملکی معیشت کو فروغ دیا جاسکے۔
تاجر برادری کے نمائندوں اور FPCCIکے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کے معاملے میں معاشی حالات کی اہمیت ملٹری یا خارجہ امور جیسی ہی ہوتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کسی قوم کی معیشت کی صورتحال اس کی نیشنل سیکیورٹی کا سب سے اہم جزو ہوتا ہے چنا چہ فوجی صلاحیتوں کے بقاء کے لیے مضبوط اور پائیدار قومی معیشت ناگزیر ہے۔ بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ موجودہ دور میں بحری افواج کا بنیادی مقصد بین الاقوامی معاشی سسٹم کا دفاع ہے اور اس سلسلے میں بحری افواج کا کلیدی کردار ہے۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مزید کہا کہ کانٹینینٹل شیلف سمیت جس کا رقبہ 290,285مربع کلومیٹر ہے ، پاکستان کے بحری رقبے میں بیش بہا سمندری وسائل موجود ہیں۔ لیکن ہم آج تک ان کو مکمل طور پر استعمال میں نہیں لا سکے ہیں۔
نیول چیف نے مزید کہا کہ وہ وقت آگیا ہے کہ ہم ہر سطح پر بحری آگہی کو فروغ دیں تا کہ سمندری وسائل کو پاکستان کی ترقی کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں پاک بحریہ پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کے احیاء کے لیے کوشاں ہے اور اس کے لیے تاجر برادری کو ہر طرح کی معاونت کرنے کو تیار ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر اور بالخصوص جہاز رانی کی صنعت میں تاجر برادری کے لیے سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں۔ پاکستان میری ٹائم سیکٹر کو ترقی دے کر اپنی بنیادی ملکی پیداوار(جی ڈی پی) کو دو سے تین گنا تک بڑھا سکتا ہے ۔ نیول چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی تاجر برادری کے کلیدی ادارے کے طور پر FPCCI میری ٹائم سیکٹر کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کے صدر غضنفر بلور نے اپنے خطبہ میں بحری تجارتی راہداریوں کو محفوظ بنانے میں پاک بحریہ کت کردار اور کاوشوں کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب کسی نیول چیف نے وفاق ایوان ہائے تجارت و صنعت کا دورہ کیا ہے۔
سینیئر نائب صدر FPCCI جناب سید مظہر علی ناصر ، پاکستان شپس ایجنٹس ایسوسی ایشن کے چئیر مین جناب محمد راجپر، صدرPIFFA جناب بدر بدت اور نائب صدر FPCCI جناب طارق حلیم نے بھی اس موقع پر حاضرین سے خطاب کیا۔
پاک بحریہ کے افسران ،FPCCI کے ممبران اور تاجر برادری کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔