|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2018

کوئٹہ: محکمہ تعلیم بلوچستان نے پانچ برس قبل اساتذہ کی بھرتی کے امتحان میں پوزیشن لینے کے باوجود بھرتی سے رہ جانے والے 4سو سے زائد امیدواروں کو ٹیچرز تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔

وزیر اعلی بلوچستان رواں ہفتے ان امیدواروں کو تعیناتی کے احکامات دیں گے – یہ بات سیکرٹری تعلیم نور الحق بلوچ نے نجی ٹی وی کو بتائی ۔نور الحق بلوچ نے بتایا کہ 2013میں اساتذہ کی بھرتی کیلئے این ٹی ایس نے امتحان لیا تھا محکمے کے بعض افیسران کی ملی بھگت کے باعث اس امتحان میں نمایان پوزیشن حاصل کرنے کے باوجودکچھ امیدواروں کی تعیناتی نہیں ہوسکی تھی ۔

موجودہ حکومت نے ان امیدواروں کو ان کا حق دینے کا فیصلہ کیا اور مکمل چھان بین کے بعد 406امیدواروں کو صوبے کے مختلف اضلاع میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ان امیدواروں کو جلد تعیناتی کے احکامات دے دئیے جائیں گے۔

نور الحق بلوچ نے بتایا کہ محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی 8 ہزار خالی اسامیوں پر بھرتی کا عمل جلد شروع کیا جارہا ہے جس کے بعد صوبے کے غیر فعال 1546اسکولوں کو فعال کردیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ تعلیم میں غیر قانونی طریقے سے بھرتی ہو نے والے 200 اساتذہ کے کیسز نیب کو بھجوا دئیے گئے ہیں۔