|

وقتِ اشاعت :   April 12 – 2018

کوئٹہ : بیت ایل میموریل میتھو ڈسٹ چرچ کوئٹہ کی پاسٹریٹ کمیٹی نے کہا ہے کہ چرچ میں خودکش حملے کو4 ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود جاں بحق زخمی ہونیوالوں کو معاوضہ اور چرچ کی تعمیر ومرمت کیساتھ ساتھ جن گاڑیوں کا نقصان ہوا ہے ۔

اس کے ازالے کے لئے تا حال کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس کی وجہ سے مسیحی برادری اور متاثرین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے فائل تا حال وزیراعلیٰ ہاؤس میں پڑی ہوئی سابق وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری کے اعلانات پر کوئی عملدرآمد نہیں کیا گیا اگر مسئلے کو حل نہیں کیا گیا تو مسیحی برادری احتجاج کا راستہ کرے گی جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ حکام پر عائد ہو گی۔

اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز کمیٹی کا ہنگامی اجلاس پادری سائمن ، بشیر کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں پادری عرفان ، پادری سلیم صادق، سینٹ میریز چرچ ، سینٹ لوکس چرچ کی پاسٹریٹ کمیٹیوں کے ممبران نے شرکت کی اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ17 دسمبر2017 کو زرغون روڈ پر واقعہ بیت ایل میموریل میتھو ڈسٹ چرچ پر خودکش حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونیوالے افراد کے لواحقین کو تا حال صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی معاوضہ نہیں دیا گیا۔

سابق وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کی جانب سے چرچ کے دورے کے دوران اس کی تعمیر ومرمت اور چار دیواری کو اونچا کرنے کے حوالے سے مختلف اعلانات اور وعدے کئے گئے جن پر تا حال عملدرآمد نہیں ہو سکا دھماکے سے جن گاڑیوں کو نقصان پہنچا ان کے مالکان کو بھی تا حال ادائیگی نہیں ہوئی اور چرچ کی تعمیر ومرمت کے لئے بھیجی گئی سمری بھی وزیراعلیٰ ہاؤس یا مختلف سرکاری محکموں میں رکی ہوئی ہے ۔

حالانکہ سابق وزیراعلیٰ نے چرچ کی دیواری اونچی کرنے اور دیگر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کا اعلان کیا تھا تا کہ آنیوالے وقتوں میں اس طرح کے نا خوشگوار واقعہ کو روک کر انسانی جانوں کے ضائع کو محفوظ بنایا جا سکے ۔

اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کر دہ رقم بھی فراہم نہیں کی گئی اور نہ ہی جاں بحق اور زخمی ہونیوالوں کو معاوٗضہ دیا گیا جس کی وجہ سے متاثرہ خاندانوں اور مسیحی برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت فوری طور پر چرچ کے متاثرین کو معاوضہ اور چرچ کی تعمیر ومرمت کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کے نقصانات کے ازالے کو یقینی بنائے بصورت دیگر ہم شدید احتجاج کرینگے جس سے حالا ت کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ حکام پر عائد ہو گی۔