گوادر: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی قائد سردار اختر جان مینگل گزشتہ روز مختصر دورے پر گوادر پہنچ گیا۔ گوادر پہنچنے پر کارکنان نے انکا شاندار استقبال کیا جبکہ گوادر میں سینئر باڈی اجلاس میں شرکت کی جس کی صدارت ضلعی صدر حسین واڈیلہ نے کی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی کے مرکزی قائد سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ بی این پی استحصالی نظام کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اس لئے پارلیمانی سیاست میں نا چاہتے ہوئے کچھ فیصلے کرنے پڑتے ہیں لیکن ان فیصلوں سے پارٹی کے اصولی موقف کو کوئی اثر نہیں پڑیگا۔
سڑکوں کی تعمیر اور بنیادی ضروریات کی فراہمی اچھی بات ہے مگر یہ بلوچستان کے قومی حقوق کا نعم البدل نہیں ہیں۔ ہم شروع سے بلوچستان اور بلوچ ساحل وسائل کا جنگ لڑ رہے تھے اور آج بھی اپنے موقف پر قائم ہیں ۔
بلوچوں کو انکا بنیادی حق دیئے بغیر ان کا دل کسی قیمت بھی نہیں جیتا جا سکتا۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے سابقہ دونوں حکومتوں نے بلوچستان میں سیاسی نظام اور قبائلی رواداری کو بہت نقصان پہنچایا ہے جسکا ازالہ اس دور میں ممکن نہیں ہے ۔
انھوں نے کہا کہ ورکرز پارٹی کا سرمایہ ہوتے ہیں اپنے ورکروں کو ہر حال میں لیکر چلے گے۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کا وقت بہت قریب آچکا ہے جس کیلئے کارکنان بھرپور تیاری کریں پارٹی منشور اور پروگرام کو گھر گھر پہنچائیں تاکہ آنے والی الیکشن میں پارٹی مزید ایک قوت و طاقت بن کر ابھرے۔ الیکشن میں اتحاد کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ سینٹرل کمیٹی کرے گی۔
انھوں نے کہا کہ بی این پی بلوچ عوام کی آخری امید ہے جو استحصالی نظام کے خلاف عوام کی قوت کے سہارے جنگ لڑ رہی ہے ۔ بلوچ قوم ایک بڑے چیلنج سے گزر رہی ہے جس کیلئے وہ خود کو تیار رکھیں اگر اقتدار ملا تو عوام کے دہلیز پر ان کے مسائل حل کرینگے اور بغیر مانگے ان کو انکا حق دینگے۔
اجلاس سے بی این پی کے مرکزی رہنما و ایم پی اے گوادر میر حمل کلمتی، ضلعی صدر حسین واڈیلہ، ضلعی جنرل سکریٹری حاجی خدا داد واجو، تحصیل سینئر نائب صدر زاہد مرید نے بھی خطاب کیا۔اجلاس میں پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔