|

وقتِ اشاعت :   April 17 – 2018

کوئٹہ:  وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے شہدائے زہری کی برسی کے موقع پر ایک بیان میں سابق وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کے صاحبزادے سمیت تمام شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے ۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ ایسے دلیراور باہمت نوجوانوں کو نشانہ بناکر صوبہ کی تعمیر و ترقی اور قیام امن کے مشن کو ناکام بنا نے کی کوشش کی گئی لیکن شہدا کی قربانیاں رنگ لائیں اور سیکیورٹی فورسز کے فعال کردا ر اور بلوچستان کے عوام کے بھر پور تعاون کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال میں قابل قدر بہتری دیکھنے میں آرہی ہے ۔ 

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امن اور ترقی کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانی کا اعتراف کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم امن دشمنوں اور شر پسندوں کو مکمل شکست سے دوچار کرکے بلوچستان کو ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنا دیں ۔