کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم فکر نہ کرے ہم کراچی کے ہر ضلع میں جلسہ کریں گے۔
یوم مزدور پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی، سندھ حکومت نےمزدوروں کے لیے سب سے زیادہ قوانین منظور کیے جب کہ بجٹ میں مزدوروں کے لیے کوئی اسکیم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت وہ پہلی حکومت ہے جس نے سہ فریقی لیبر پالیسی دی مزدوروں اور صنعتوں کے لیے 14 قانون سازیاں کیں، خواتین کے حقوق کے لیے بھی پیپلز پارٹی سب سے زیادہ کام کرتی آرہی ہے، ہم مزدوروں کے سوشل سیکیورٹی حقوق بڑھانا چاہتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مزدوروں کےلیے کوئی بات نہیں کرتی، یہ پاکستان اسٹیل کو گیس نہیں دے رہے، ملازمین کو پنشن، تنخواہیں نہیں دے رہے اور اب پاکستان اسٹیل اور پی آئی اے کی نجکاری کی سازش کی جارہی ہے ہے لیکن ہم مزید اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے کیوں کہ ہم چاہتے ہیں کہ اداروں میں گھوسٹ ملازمین نہ ہوں اسی لیے پی آئی اے میں پیپلز یونٹی کی جیت نجکاری کے خلاف ریفرنڈم ہے۔
چیئر مین پیپلز پارٹی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم والے الزامات لگانے کے بجائے مزدوروں کےدن پر سانحہ بلدیہ پر جواب دیں کیوں کہ آج کے دن ایم کیو ایم کو مزدوروں کے لیے بات کرنی چاہیے تھی، ایم کیو ایم فکر نہ کرے ہم کراچی کے ہر ضلع میں جلسہ کریں گے۔