|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2018

کوئٹہ :  مجلس وحد ت المسلمین کے مرکزی رہنماء صوبائی وزیر قانون وپارلیمانی امور سید آغا رضا نے کہاہے کہ ہزارہ برادری کے احتجاج کو چند شرپسند اور بیرونی ایجنڈے پر کار فرما عناصر نے ہائی جیک کرنے کی کوشش کی جسے ہم نے ناکام بنایا اور اپنے جائز مطالبات سول وعسکری قیادت کے سامنے رکھے جسے قیادت نے منظور کیا ،ہم محب وطن لوگ ہیں اور بلوچستان وپاکستان کی ترقی کیلئے بھر پور کردار ادا کرینگے ۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر مجلس وحدت المسلمین کے رہنماء علامہ ہاشم موسوی ،کربلائی رجب علی،رشید علی خان توری ،سخی داد ودیگر بھی انکے ہمراہ تھے ۔

صوبائی وزیر سید آغا رضانے کہاکہ ہزارہ قوم کیخلاف منظم سازش بنی گئی تھی کہ ہمارے احتجاج کو ہائی جیک کرکے اسے ریاست مخالف احتجاج بنایا جائے ،یہ وہ لوگ تھے جو بیرونی ممالک کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور ہم پر پاکستان مخالف ٹھپہ لگانے کی کوشش کی گئی تاہم ہم نے ایسے عناصر کو ناکام بنایا اور اپنے بنیادی مطالبات جس میں ہزارہ قوم کو جینے کا حق ،زندگی کے بنیادی حقوق ،آزاد ی نقل وحرکت شامل ہیں ۔

پر ڈٹے رہے اور انکے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ،انہوں نے کہاکہ ہزارہ قوم نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے ہم پرامن اور خوشحال بلوچستان کے خواہاں ہیں اور ہیں گے ،ہم نے ملک کی خاطر شہداء اور خون دیا ہے اپنے شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کرسکتے ۔

سید آغا رضانے کہاکہ متعدد بار احتجاج اور دھرنوں سے جب بات نہ بنی تو مجبوراً ہماری قوم نے شہداء کے لواحقین کے مطالبے پر فوج کے دروازے پر دستک دی اور یہ مطالبہ کیاکہ چیف آف آرمی اسٹاف کوئٹہ آئے اور ہمارے مسئلے کو حل کریں ۔

اس تمام معاملے میں ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی قیادت بالخصوص ہمارے قائد علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے آرمی چیف سے خط وکتابت کی جس کی وجہ سے آرمی چیف کوئٹہ تشریف لائے اورہم سے ہمارے مطالبات سنیں ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں تھا بلکہ جو مطالبہ شہداء کے لواحقین کا تھا وہی ہمارا مطالبہ رہا ،آرمی چیف نے ہزارہ عمائدین سے ملاقات میں ہمیں یقین دہانی کروائی کہ ہزارہ قوم کے تحفظ کیلئے سیکورٹی فورسز کی جانب سے بھر پور کوششیں کی جائے گی اور کوشش ہوگی کہ آئندہ کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آئے جس کے بعد ہم نے دھرنوں اور احتجاج کے اختتام کا اعلان کیا ۔

انہوں نے کہاکہ ہم مجلس وحدت المسلمین کے کارکنوں ،ہزارہ برادری کے تمام افراد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،وزیر داخلہ احسن اقبال ،وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ،صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی ،کمانڈر سدرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ ،آئی جی پولیس اور آئی جی ایف سی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کیا ،انہوں نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ پر از خود نوٹس لیا ۔