|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2018

 اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جن کو سزا ہونی چاہیے تھی وہ بری ہورہے ہیں اور جن کو بری ہونا تھا وہ پیشیاں بھگت رہے ہیں۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نہ عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی ان پر مقدمہ چلا لیکن انہیں بری کردیا گیا جب کہ مجھے بیوی کی تیمارداری کرنے کے لیے جانے کی اجازت نہیں ملتی،عوام کے محافظوں پر تشدد کرنے والوں کو بری کرنے سے کیا تاثر جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ جن کو سزا ہونی چاہیے تھی وہ بری ہورہے ہیں جب کہ جن کو بری ہونا تھا وہ پیشیاں بھگت رہے ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں صاف اور شفاف الیکشن کرائیں گے تاہم اب صاف اور شفاف الیکشن والی باتوں سے دل اٹھ گیا جب کہ لاہور جلسے میں ناکامی پر عمران خان نے الیکشن کے التوا کی بات کی۔

صحافی کی جانب سے عمران خان کے بری ہونے کے سوال پر مریم نواز سے جب سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اوپر سے حکم آیا ہوگا۔