|

وقتِ اشاعت :   May 10 – 2018

حب : لیبر کورٹ حب III کے جج جناب جعفر خان مینگل نے چائنا پاور جنریشن پرائیویٹ کمپنی اور حبیب اسٹیل مل کو رجسٹریشن اور لیبر سیفٹی پر عمل درآمد نہ کرنے پر جرمانے کی سزائیں سنادی ۔ 

یہ حکم گزشتہ روز محکمہ محنت و افرادی قوت کے ڈپٹی ڈائریکٹر فدااحمد شاہوانی کی مدعیت میں چائنا جنریشن پرائیویٹ کمپنی اور حبیب اسٹیل مل کے خلاف دائر کیسز کی سماعت کے موقع پر دیا ۔

لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر فدااحمد شاہوانی نے سماعت کے دوران موقف اختیار کیا کہ مذکورہ کمپنیاں لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ رجسٹرڈنہیں بلکہ دونوں کمپنیاں رجسٹریشن کے بغیر کام کررہی ہے ۔

اس کے علاوہ کمپنیوں میں لیبر کے تحفظ کے حوالے سے کسی قسم کے انتظامات موجود نہیں اسی لئے مزور حادثات کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن جاتے ہیں جبکہ حبکو پاور کمپنی کے وکیل نے عدالت بتایا کہ مزدور کی ہلاکت کا واقعہ حبکو کمپنی میں نہیں بلکہ چائنا جنریشن پرائیویٹ کمپنی میں رونما ہوا ہے جس کی ذمہ دار چائنا جنریشن کمپنی ہے ۔ 

فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد لیبر کورٹ نے چائنا پاور جنریشن پرائیویٹ کمپنی اور حبیب اسٹیل مل کو رجسٹریشن نہ کرانے اور لیبر سیفٹی پر عمل درآمد نہ کرنے پر جرمانے کی سزا سنائی ۔ 

یاد رہے گزشتہ ہفتے حبیب اسٹیل مل میں لفٹر گرنے سے ایک مزدور جبکہ 3 زخمی ہوئے تھے اس کے علاوہ حب کو پاور کمپنی میں کام کرنے والا مزدور بھی مکسچر مشین کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا تھا جس کے بعد ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر ڈیپارٹمنٹ فدا احمد شاہوانی کی جانب سے کاروائی کرکے مذکورہ کمپنیوں کے خلاف کیس رجسٹرڈ کیا گیا تھا۔