اسلام آباد: خاتون سینیٹر ثمینہ سعید نے پارلیمنٹ لاجز میں چرس کے استعمال کا انکشاف کیا ہے۔
سینیٹ کے ہاؤس کمیٹی کے اجلاس کے دوران ایوان بالا کی رکن سینیٹر ثمینہ سعید نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیورز پارلیمنٹ لاجز میں چرس اور منشیات استعمال کرتے ہیں، جب کہ کبھی کبھی پولیس والے بھی ان کے ساتھ منشیات کا استعمال کرتے ہیں، جس کے باعث وہاں سے گزرتے وقت سرچکرا جاتا ہے۔
ثمینہ سعید نے مزید کہا وہ ایک بار پارلیمنٹ لاجز سے گزرنے کے بعد کمرے تک پہنچیں تو چکر آنے لگے۔ بعدازاں کمیٹی نے پارلیمنٹ لاجز میں چرس کے استعمال کو روکنے کی سفارش کردی۔ جب کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چرس لینے والوں کو روکا جائے، کہیں باہر جاکر چرس پئیں۔