اسلام آباد: سپریم کورٹ نے الیکشن میں الیکٹرانک ووٹنگ استعمال کرنے کی عمران خان کی درخواست مسترد کردی۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں انتخابی فہرستوں سے متعلق عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی، عمران خان کے وکیل حامد خان نے دلائل میں کہا کہ ووٹر لسٹ پر تصاویر شائع ہوچکی ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کے لیے پہلے تجربہ کیا جانا لازمی ہے اور انتخابات میں وقت کم رہ گیا ہے لہذا آنے والے انتخابات کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ ممکن نہیں ہوگی۔
وکیل عمران خان نے کہا کہ مستقبل کے انتخابات کے لئے عدالت رپورٹ طلب کرلے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس مرحلے پر رپورٹ طلب کی تو کنفیوژن پیدا ہوگی۔ دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے الیکشن میں الیکٹرانک ووٹنگ استعمال کرنے کی عمران خان کی درخواست مسترد کردی۔