کراچی: بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کی صدارت میں پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس جاری ہے جس میں آئندہ نگراں وزیر اعظم کے لیے مجوزہ ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔
بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری کی زیرِ صدارت اہم اجلاس شروع ہوچکا ہے جس میں پارٹی کے مرکزی رہنماؤں سمیت قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرز بھی شریک ہیں، اجلاس میں نواز شریف کے ممبئی حملے کے حوالے سے بیان سمیت ملک کی مجموعی صورتِ حال پر غور ہوگا۔
پیپلز پارٹی کے اجلاس میں آئندہ نگراں وزیر اعظم کے لئے 3 ناموں کو شارٹ لسٹ کئے جانے کا امکان ہے، اس سلسلے میں سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹرعشرت حسین، سابق اسپیکر قومی اسمبلی الہٰی بخش سومرو، جسٹس ریٹائرڈ میاں شاکر اللہ جان، سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد، سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو، جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی اور جسٹس ریٹائرڈ انور ظہیر جمالی کےناموں پر غور کیا جائے گا۔
تین نام شارٹ لسٹ کرنے کے بعد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، حکومت اور اپوزیشن نگراں وزیراعظم کے نام کا معاملہ الیکشن کمیشن تک جانے نہیں دیں گی،نگراں وزیراعظم کے نام کو پہلی ملاقات میں ہی فائنل کرلیا جائے۔