|

وقتِ اشاعت :   May 18 – 2018

اسلام آباد: تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ نگراں وزیراعظم کے معاملے پر نہ ہم تین میں ہیں، نا تیرہ میں اور ہم سے ابھی تک کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نوازشریف کا بیانیہ پارٹی کے اندر اور باہر غیر مقبول ہے، ان کا بیان ان کے بیانیے سے زیادہ خطرناک ہے اور ان کا بیانیہ ان کےبیان سے خطرناک ہے، ڈر ہے کہ نواز شریف کے بیان کو جواز بنا کر پاکستان پر پابندیاں نہ لگ جائیں۔

انہوں نےکہا کہ نگراں وزیراعظم کے معاملے پر نہ ہم تین میں ہیں، نا تیرہ میں، راجہ جانے اور راجے کا رازدار جانے، ہمیں اس بارےمیں کچھ نہیں پتا اور ہم سے ابھی تک کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔

فاٹا اصلاحات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی نیت صاف ہے تو فاٹا اصلاحات پر اتفاق ہوسکتاہے، ہم آئینی ترمیم کرسکتے ہیں اور ماحول پیدا کرسکتے ہیں تاکہ کہ فاٹا اصلاحات آگے بڑھ سکیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم فاٹا کے خیبرپختونخوا میں ضم کے خواہشمند تھے ہیں اور رہیں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ یہی مستقبل کا راستہ ہے کہ نہ صرف فاٹا کے پی کے میں ضم ہو بلکہ وہاں انتخابات ہوں اور بلدیاتی انتخابات بھی جلد از جلد منعقد کیے جائیں۔