کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان کے حلقہ انتخاب آواران میں پھیلنے والے گیسٹرو کی وباء پر قابو نہیں پایا جاسکا گیسٹرو کی وباء سے ایک اور مریض دم توڑ گیا جبکہ متاثر ہونے والوں کی تعداد 100سے زائد ہوگئی ۔
دشوار گزار راستوں کے باعث کمشنر قلات نے محکمہ داخلہ سے ہیلی کاپٹر اور پی ڈی ایم اے سے راشن او ادویات طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے آواران کے دیہات نڑانچ میں پھیلنے والے گیسٹرو کی وباء پر قابو نہیں پایا جاسکا ضلع لسبیلہ سے نڑانچ پہنچنے والی 4رکنی میڈیکل ٹیم کی واپسی ہوئی اور نہ ہی مزید ٹیموں کو روانہ کیا جاسکا۔
پہاڑی سلسلے اوردشوار گزار راستوں کے باعث خضدار اور لسبیلہ سے جانیوالی ایمبولینسز نڑانچ تک نہیں پہنچ سکیں جس کی وجہ سے امدادی ٹیموں کومتاثرہ افراد کو قریبی اسپتالوں تک پہنچانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ضلعی انتظامیہ کے مطابق آلودہ اور مضر صحت پانی پینے سے ایک اور شخص دم توڑ گیا ہے جبکہ 100سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
وباء سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 3ہوگئی ہے۔کمشنر قلات ڈویڑن کی جانب سے محکمہ داخلہ اور پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے محکمہ داخلہ کو جاری ہونے والے مراسلے میں متاثرہ افراد کو لسبیلہ منتقل کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر کی مدد طلب کی گئی ہے ۔
پی ڈی ایم اے کو مراسلے میں کہا گیا ہے کہ راشن ، پانی اور ادویات کی ترسیل کو فوری یقینی بنایا جائے۔۔وزیر اعلی بلوچستان کے حلقہ انتخاب میں پانی کی قلت کے باعث مقامی آبادی نے مضر اور آلودہ پانی کا استعمال شروع کررکھا تھا۔
آواران میں گیسترو نے ایک او رجا ن لے لی
وقتِ اشاعت : May 19 – 2018