کراچی: تحریک انصاف سے مستعفیٰ ہونے والی فوزیہ قصوری نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
تحریک انصاف کی بانی رہنما فوزیہ قصوری نے گزشتہ روز تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور آج وہ پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئی ہیں۔ پی ایس پی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے فوزیہ قصوری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فوزیہ قصوری کی پی ایس پی میں شمولیت سے پارٹی کے نظریے کو طاقت ملی ہے، لوگ درست اور غلط کی تمیز کرکے ہمارے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم نے اس وقت حق کی آواز بلند کرنے کی کوشش کی جب سچ بولنے کی سزا موت تھی اور آج صحیح راستہ دیکھ کر لوگ ہماری طرف آ رہے ہیں، پاکستان کے مظلوم لوگ ہماری طرف امید کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔
اس موقع پر تحریک انصاف کی منحرف رہنما فوزیہ قصوری کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی اقتدار کی سیاست نہیں کی اور پورے خلوص کے ساتھ پی ٹی آئی کا ساتھ دیا اور گزشتہ روز پی ٹی آئی کو اپنے مقصد سے پھرنے کی وجہ سے چھوڑ دیا، آج سے میری فیملی پاک سرزمین ہے۔