پنجگور: وزیراعلیٰ بلوچستاسن میر عبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت منگل کے روز پنجگور میں امن وامان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر مکران ڈویژن ایاز مندوخیل، ڈپٹی کمشنر پنجگور اورنگزیب بادینی، ڈی پی او پنجگور اللہ بخش اور دیگر متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کو پنجگور میں امن وامان سے متعلق بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور عوام کے تعاون سے پنجگور سمیت پورے صوبے میں امن وامان قائم ہوچکا ہے اور یہ امن برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے، دہشت گردی اور تخریب کاری میں ملوث عناصر کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت ہر گز نہ دی جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری مکران سے شروع ہوتی ہے جس میں مختلف ترقیاتی منصوبے شامل ہیں، ان میں کام کرنے والے مزدوروں اور شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لئے مزید فعال حکمت عملی طے کی جائے۔ پ
نجگور میں امن وامان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجگور کے سرحدی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہر میں سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت منگل کے روز مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں تعلیم، صحت، شہر کی خوبصورتی،، نکاسی آب، پینے کے پانی سے متعلق جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آئندہ بجٹ میں تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ پنجگور سمیت صوبے کے دیگر تمام اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیئے اس سلسلے میں تمام متعلقہ آفیسران اس بات کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دور کرتے ہوئے بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلع پنجگور میں صحت کے مراکز میں ضروری آلات کو پورا کیا جائے گا ، لوگوں کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی ذمہ داری پورا کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے پنجگور شہر کو درپیش مسائل اور اس کی خوبصورتی کے لئے ماسٹر پلان تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے عوام کو پینے کا پانی فراہم کرنے میں حائل رکاوٹوں کو جلد دور کرنے کی ہدایت بھی کی۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان سے پنجگور میں مختلف قبائلی عمائدین نے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کے پنجگور کے دورے کا خیرمقدم کیا۔ قبائلی عمائدین نے وزیراعلیٰ سے علاقائی، سماجی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پنجگور،وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا
وقتِ اشاعت : May 30 – 2018