راولپنڈی: وزارت داخلہ کی جانب سے گرین سنگل ملنے کے بعد عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کو سعودی عرب جانے کی اجازت مل گئی۔
برطانوی نژاد پاکستانی شہری زلفی بخاری پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے انتہائی قریبی دوست ہیں اور وہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ مانیکا کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جارہے تھے لیکن نور خان ائیربیس پر ایف آئی اے حکام نے زلفی بخاری کو ان کے سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد عمران خان کے ہمراہ عمرہ کے لیے جانے سے روک دیا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ زلفی بخاری برطانوی پاسپورٹ پر سفر کرنا چاہتے تھے اور زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں شامل ہے تاہم اب وزارت داخلہ کی جانب سے کلئیرنس ملنے کے بعد زلفی بخاری کو جانے کی اجازت مل گئی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان، اپنی اہلیہ بشریٰ مانیکا، علیم خان اور عون چوہدری عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے خصوصی طیارے کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہوئے ہیں۔