|

وقتِ اشاعت :   June 12 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان میں بھی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر یار محمد رند چار حلقوں،محمود خان اچکزئی ،سردار اختر مینگل اور عبدالقدوس بزنجو دو دو حلقوں پر انتخاب لڑیں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے قومی اسمبلی کی سولہ اور صوبائی اسمبلی کی اکاون نشستوں پر سینکڑوں امیدوارسامنے آگئے۔ سابق وزیراعظم ظفراللہ جمالی این اے 261 جعفرآباد پرکاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔کوئٹہ میں این اے 265 پر پشتونخوامیپ کے چیئرمین محمود خان اچکزئی ، بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سعید ہاشمی اور جے یو آئی کے حافظ حمداللہ کا مقابلہ ہوگا۔ محمود خان اچکزئی چمن سے قومی اسمبلی کی نشست پر بھی الیکشن لڑیں گے۔

این اے264کوئٹہ کچلاک نواں کلی پر پشتونخوامیپ کے عبدالرحمان بازئی، جمعیت علمائے اسلام کے مولوی عصمت اللہ میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔ این اے266کوئٹہ سریاب پر جے یو آئی کے حافظ حسین احمد ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے آغا حسن بلوچ اور پشتونخوامیپ کے جمال ترہ کئی امیدوار ہوں گے۔ 

کوئٹہ کی صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر بھی متحدہ مجلس عمل، پشتونخوامیپ، بی این پی ،بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں اور ان میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل وڈھ سے صوبائی اسمبلی اور گوادر کم لسبیلہ سے قومی اسمبلی کی نشست این اے272پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ 

پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند سبی، کچھی اور جھل مگسی سے صوبائی اسمبلی کی تین اور قومی اسمبلی کے ایک حلقے پر امیدوار ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو پی بی 29کوئٹہ اور آبائی علاقے آواران بلوچستان اسمبلی کی دو نشستوں پر میدان میں اترینگے۔

سرفراز بگٹی ڈیرہ بگٹی ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کوئٹہ کے علاقے سریاب اور سابق وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری خضدار سے بلوچستان اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑینگے۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز میں ریٹرننگ آفیسرز کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ پیر کو آخری روز زور وشور سے جاری رہا۔

کوئٹہ کے تین قومی اسمبلی کے حلقوں پر درجنوں امیدواران کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے گئے حلقہ این اے 264کوئٹہ ون پر درجن سے زائد امیدواران کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں والوں میں سردار عاطف سنجرانی ،محمدعمر خلجی ،مولاناعصمت اللہ ،ارباب غلام ،عبدالرحمن بازئی ،سید ظہور آغا،عجب خان سمیت دیگر شامل ہیں ،جبکہ حلقہ پی بی265پر آخری اطلاعات تک32امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے تھے ۔

جن میں پشتونخوامیپ کے چیئرمین محمود خان اچکزئی ،بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سعید احمدہاشمی ،پاکستان تحریک انصاف کے قاسم خان سوری ،مسلم لیگ کے یونس بلوچ ،سیدال ناصر،جمعیت علماء اسلام کے نصیب اللہ اچکزئی ،پاکستان تحریک انصاف کے حاجی سیف اللہ کاکڑ ودیگر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 266پر بھی آخری اطلاعات تک17امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے تھے جن میں بلوچستان عوامی پارٹی کے پرنس احمد علی احمدزئی ،پشتونخوامیپ کے جمال ترہ کئی ،جمعیت علماء اسلام کے حافظ حسین احمد ،میر عثمان پرکانی ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے آغا حسن ایڈووکیٹ،احمد خان شاہوانی ،سردار شیر دل خان ،عبدالباسط ،بی بی نسرین گل ،محمد یونس بلوچ سمیت دیگر نے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے تھے ۔

اس کے علاوہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 24کوئٹہ ون کیلئے بھی اب تک 20امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں جن میں جمعیت علماء اسلام کے مولوی ساز الدین ،پشتونخوامیپ کے محمدیوسف کاکڑ،پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سمیت دیگر شامل ہیں جبکہ حلقہ پی بی 32کوئٹہ پر بھی اب تک 27امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے ہیں ۔

جن میں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولاناعبدالغفور حیدری ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے ملک نصیراحمد شاہوانی ،محمود یار ،اختر شاہوانی ،حافظ اللہ محمد شہی سمیت دیگر شامل ہیں کوئٹہ کے دیگر حلقوں پر بھی پیر کے روز درجنوں امیدواران کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے اور 6بجے تک ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر کے اندر اور باہر لوگوں کا جم غفیر رہا ۔

اس کے بعد بھی لوگ آراوز کے دفتر کے باہر موجود رہے ۔ صوبائی الیکشن کمشنر نیاز احمد بلوچ نے کہاہے کہ کاغذات نامزدگی کااجراء اور جمع کرانے کاسلسلہ آخری روز بھی زور وشور سے جاری ہے انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سیاسی جماعتیں مخصوص نشستوں کیلئے بھی اپنے امیدواروں کی ترجیحی لسٹیں جمع کروائیں ،ترجیحی لسٹیں الیکشن کمیشن کی جانب سے دئیے گئے اوقات کار تک جمع کرائے جاسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی اسمبلی کے 51حلقوں کیلئے پیر کے روز صبح تک651کاغذات نامزدگی فارم جمع ہوئے تھے جبکہ صوبائی اورقومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کیلئے اب تک 162فارمز کااجراء کیاگیاہے اس کے علاوہ قومی اسمبلی میں خواتین کی 4مخصوص نشستوں کیلئے 20کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی میں خواتین کی 11مخصوص نشستوں کیلئے 48کاغذات نامزدگی جمع کئے گئے ہیں اس کے علاوہ صوبائی اسمبلی میں اقلیتوں کی 3نشستوں کیلئے 35فارمز جمع کئے گئے ہیں ۔

اس کے علاوہ پاکستان پیپلزپارٹی کے سردارمحمدعمر گورگیج نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے268کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے ان کے علاوہ بلوچستان عوامی پارٹی کے اعجاز سنجرانی ،آزاد امیدوار سردارفتح محمدحسنی ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے حاجی محمد ہاشم نوتیزئی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے ہیں جبکہ نیشنل پارٹی کے میر دوران خان کھوسہ نے حلقہ پی بی 15صحبت پور کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں ۔

عام انتخابات 2018 کے سلسلہ میں کل آخری روز کاغذات نامزدگی جوڈیشنل مجسٹر یٹ و ریٹرننگ آفیسر حزب اللہ خان اچکزئی پاس پی بی 37کے 33 مختلف امید واروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے آر او کی جانب سے امیدواروں کو کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے بارہ اور تیرہ جون کی تاریخ دی گئیں ہے ۔

اس موقع پر جوڈیشنل مجسٹریٹ و ریٹرنگ آفیسر حزب اللہ خان اچکزئی نے اپنے خیالات کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ اس بار امیدواروں سے سابقہ الیکشن کی طرح کے سوالات نہیں پوچھے جائیں گے بلکہ صوبائی امیدواروں سے اسمبلی کے کام بجٹ کی تیاری اسمبلی کے ممبران کی تعداد اور کیبنٹ کسے کہتے ہیں اور اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب جیسے سوالات پوچھے جائیں گے۔

اس دوران بی این پی کے سردار زادہ نعیم دہوار ،آزاد امیدوار آغا عرفان کریم ،بلوچستان عوامی پارٹی(باپ) سے میر ضیاء لانگو،بی این پی عوامی کے میر نذیر احمد نیچاری ودیگر نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ آخری دن بھی جاری رہا ۔

حب کے صوبائی اسمبلی کی نشست PB ۔49 پر 23 امید واروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ بیلہ اور اوتھل کے صوبائی نشست PB۔50 پر بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال خان سمیت 17 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے اور لسبیلہ گوادر کے نشست NA۔ 272 پر بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال اور بی این پی مینگل کے سردار اختر مینگل اور سابق اسپیکر اسلم بھوتانی سمیت 32 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں ہیں ۔

چاغی پی بی 34میں اب تک 14افراد نے کا غذات نامزدگی جمع کردیئے ،تفصیلات کے مطابق چاغی کے صدر مقام دالبندین میں گزشتہ روز بلوچستان نیشنل پارٹی کے سنٹرل کمیٹی کے ممبر میر محمد ہاشم نوتیزئی ،اور بی این پی کے رہنما سردار عبد الخالق نوتیزئی نے ریٹرنگ آفیسر دالبندین میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیا ۔

اس موقع پر بی این پی کے رہنما حاجی میر محمد ہاشم نوتیزئی ،سردار عبد الخالق نوتیزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بلوچستان نیشنل پارٹی ہمیشہ بلوچ قوم کی حق اور حقوق کی بات کی ہے اگر اللہ پاک نے ہمیں کامیابی دی تو خصوصا ضلع کے اندر کرپشن ،صحت ،ایجوکیشن ،بے روزگاری ،کا خاتمہ کیا جائے گا ۔

حاجی میر محمد ہاشم کا کہنا تھا میں نے این اے 268پر بھی کاغزات جمع کیا ہے، انشاء اللہ این اے 268پر بلوچستان نیشنل پارٹی کامیابی کی بھر پور کوشش کریگی نوشکی ،خاران ،اور چاغی کی احساس محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا ۔

انکا مزید کہنا تھا سیاست میں کوئی حرف آخر نہیں کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد ہوسکتا ہے ہماری کوشش بھی جاری ہے ،ضلع چاغی میں ایک ایسا مضبوط اتحاد بنایا جائے تاکہ ضلع چاغی کے عوام کی مفاد میں ہوں اس موقع پر سردار عبد االخالق نوتیزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا میں نے اپنا کاغزات جمع کردیا ہے ۔

پارٹی کا جو فیصلہ ہوگا اسی پر عمل در آمد کیا جائے گا ۔اس موقع پر ممتاز قبائلی رہنما میر حاجی عرض محمد بڑیچ کے کاغزات نامزدگی فارم پی بی 34کے انکے صاحبزادے حاجی طارق بڑیچ ودیگر اتحادیوں نے بھی ریٹرنگ آفیسر دالبندین میں جمع کردیا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے کہا آذاد حیثیت سے ہم نے اپنی کاغزات نامزدگی جمع کرادیا ہے ابھی تک کسی کے ساتھ بھی اتحاد یا کسی قسم کی بات نہیں ہوئی ہے ضلع چاغی پی بی 34میں ابتک 14امیدواروں نے کاغزات نامزدگی جمع کردیا ہے ۔

ملک بھر کی طرح سبی میں بھی عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرنے کا عمل مکمل ،این اے 259کیلئے38اور پی بی 7کے لئے 38امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسرزکے پاس کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں۔

این اے 259کے لئے کاغذات نامزدگی کے آخری روزنواب عالی بگٹی،نوابزادہ گزین مری ،میر علی مردان ڈومکی،نوابزادہ کوہ یار مری اور دیگر نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ،پی بی07کیلئے سابق صوبائی وزیر میر عبدالماجد ابڑو اور پیپلز پارٹی کے امید وار ملک قائم الدین دہپال جلوس کی صورت میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے پہنچ گئے، انتخابات میں حصہ لینے کے لئے مجموعی طور پر 76ا مید واروں نے کاغذات نامزدگی جمع کر دئیے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق سبی میں عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی وصول کرنے اور جمع کرنے کاعمل مکمل ہوگیا حلقہ این ائے 259سبی ،ڈیرہ بگٹی ،کوہلو اور بارکھان کے لیے کل38امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسر مسٹر ظہور احمد لانگوکے پاس جمع کرا دئیے ہیں ۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں نواب عالی خان بگٹی ،نوابزادہ میر گزین خان مری ،میر علی مردان ڈومکی،نوابزادہ کوہ یار مری ،میر نصیب اللہ مری،میر شاہ نواز خان مری اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے امید وار سید نور احمد شاہ شامل ہیں ، جبکہ پی بی 07سبی کم لہڑی کے لیے ریٹرننگ آفیسرمس نائمہ مبین کے پاس کل 38امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں ہیں ۔

کاغذات نامزدگی جمع کرنے والوں میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند،سردارخان رند،سابق صوبائی وزیر میرعبدالماجد ابڑو،پیپلز پارٹی کے امید وار ملک قائم الدین دہپال،میر علی مردان ڈومکی ،میر بابر مرغزانی ،میر بجار خان ،میر مظفر نذر ابڑو،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ملک غلام سرور ہانبھی،یار محمد ،عبدالغفار،امان اللہ میر شیر دل خان مغیری ،نوراحمد شاہ،ماجدہ ابڑو،اور فہمیدہ بی بی شامل ہیں کاغذات نامزدگی وصولی اور جمع کرانے کا آخری مرحلہ آج مکمل ہوگیا ہے۔

14جون تک کاغذات کی جانچ پڑتال کا مرحلہ جاری رہے گا،19جون امیدواروں پر اعتراضات کی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہوگی جبکہ 27جون کوتمام امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کی جائیں گی اور28جون کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی جبکہ29جون کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیئے جائیں گے۔

پی بی کوہلو میں مقرر ہ تاریخ تک کل34 سیاسی و قبائلی رہنماوں نے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کردیے ہیں الیکشن کمیشن سے معتبر ذرائع کے مطابق آج مقرر ہ تاریخ تک پی بی 9کوہلو میں خاتون سمیت کل34 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی ریٹرنگ آفیسر جنید نواز کے پاس جمع کردیے ہیں ۔

جن میں سابق صوبائی وزیر نواب جنگیز مری,سابق وزیر داخلہ نوابزدہ گزین مری,سابق صوبائی وزیر میر شاہ نواز مری,میر محبت خان مری, تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر میر نصیب اللہ مری, قبائلی رہنما میر بنگل خان مری ،نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میر محراب مری,جعمیت علماء اسلام ف کے رہنماء میر باز محمد مری,بلوچستان نیشنل پارٹی کے ملک گامن مری, میر نعمت مری,آزاد امیدوار نوابزدہ بزیر مری,نوابزدہ کوہی مری, میر نثار احمد,میر اصغر مری,میر مصری خان مری,قبائلی رہنما شیرین مری, پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر میر شہر یار مری ،قبائلی رہنماء میر حاجی بہار خان,ربنواز مری,بجار خان, عالم گیر,محمد خیر,احمد نواز محمد قاسم,اسرار,محمد اقبال و دیگر نے حلقہ پی بی کوہلو میں کاغذات نامزدگی جمع کردیے ہیں۔ 

دریں اثناء آئندہ عا م انتخابات 2018 ء میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ پیر کو مکمل ہو گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے لاہور اور ڈیرہ غازی خان، عمران خان نے اسلام آباد، بنوں، کراچی، لاہور اور میانوالی، مریم نواز شریف نے لاہور کے دو حلقوں جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے لیاری اور لاڑکانہ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ 

چوہدری نثار علی خان نے ٹیکسلا اور کلرسیداں کے حلقہ سے بطور آزاد امیدوار، مولانا فضل الرحمن نے ڈیرہ اسماعیل خان، سراج الحق نے دیر، اسفند یار ولی خان نے چارسدہ، پرویز الہٰی نے گجرات اور تلہ گنگ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ 



پیر کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری روز ریٹرننگ آفیسران کے دفاتر میں جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ اس موقع پر کارکن وزیراعظم بلاول کے نعرے لگاتے رہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مری اور کوٹلی ستیاں کے حلقہ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ 

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے سہ پہر چار بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا تاہم الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی سہولت کی خاطر اس میں 2 گھنٹے کا مزید اضافہ کر دیا تھا اور اسے 6 بجے تک توسیع دیدی تھی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے جانے والے شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 8 جون مقرر کی گئی تھی تاہم لاہور ہائی کورٹ کے فیصلہ کے بعد اسے 11 جون تک بڑھا دیا گیا تھا جس کے بعد انتخابی شیڈول میں بھی ردوبدل کیا گیا تاہم پولنگ شیڈول کے مطابق 25 جولائی کو ہی ہو گی۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری روز امیدواران اپنے حامیوں کے ہمراہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے رہے۔ 

ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 جون تک ہو گی جبکہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 22 جون جبکہ اپیلٹ ٹربیونلز کی جانب سے یہ اپیلیں 27 جون تک نمٹائی جائیں گی۔ 

امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 28 جون کو جاری کی جائے گی جبکہ امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے اور فہرست کا اجراء 29 جون جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشانات 30 جون کو الاٹ کئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر ترجیحی فہرست جمع کرانے کی آخری تاریخ بھی 11 جون مقرر کی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے غیر ملکی مبصرین کو انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کی بھی اجازت دیدی گئی ہے، ان کیلئے انتخابی ضابطہ اخلاق کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے بلوچستان کے امیدواروں کے ناموں کا بھی اعلان کردیا۔

این اے 257قلعہ سیف اللہ سے جمال خان کا کڑ ، پی بی 01 موسی خیل شیرانی سے ظاہر موسی ، پی بی 02 ژوب سے بی بی جمیلہ ،پی بی 03 سے محمد حنیف کاکڑ، پی بی 4 سے سردارسربلند جوگیزئی ، پی بی 5دکی سے ملک محمد شاہ ترین، پی بی 6 زیارت سے شیر محمد ڈامر ، پی بی 7 سبی سے ملک قائم الدین ،پی بی 8بار کھان سے میر باز کھیتران، پی بی 9کوہلو سے شیریں مری، پی بی 10ڈیرہ بگٹی میراحمد جان بگٹی پیپلزپارٹی کے امیدوار ہوں گے۔

پی بی 11نصیرآباد سے صادق عمرانی، پی بی 12سے میرا مین عمرانی، پی بی 16جھل مگسی سے فرحان حسین مگسی،پی بی 17سے سردار محمود کرد پی بی 19پشین سے خیر محمد ترین اور پی بی 20پشین سے آغا جمال ناصر ، پی بی 22 قلعہ عبداللہ سے صدیق ترین، پی بی 23سے سلام اچکزئی امید کو پیپلزپارٹی کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

این اے 259 ڈیرہ بگٹی سے میر بازخان کھیتران، این اے 260 نصیرآباد سے سید آغا نصیر شاہ، این اے 261 جعفر آباد سے میر چنگیز جمالی ، این اے 262 پشین سے ملک قیوم خان کاکڑ، این اے 263 قلعہ عبداللہ سے بسم اللہ خان کاکڑ الیکشن لڑیں گے۔