کوئٹہ : احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منوراحمد شاہوانی کے روبرو سابق پٹواری غلام فرید ودیگر کے خلاف دائر غیر قانونی اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے موقع پر گرفتار ملزما مختار احمد عدالت میں پیش کئے گئے جبکہ نیب کی جانب سے کیس کی سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر راشد زیب گولڑہ نے کی ۔
سماعت شروع ہوئی تو نیب کی جانب سے 2گواہان محمد جمیل اورعمیر بن ندیم کوپیش کیا گیا جنہوں نے اپنے بیانات قلم بند کروادئیے ،گواہان پر وکلاء صفائی کی جانب سے جرح مکمل کرلی گئی بعدازاں سماعت کو28جون تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔
ملزم غلام فرید پٹواری پر کروڑوں روپے کی غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے۔دریں اثناء سابق چیئرمین ضلع زکواۃ کمیٹی ارشداقبال جدون ودیگر کے خلاف دائر لاکھوں روپے خوردبرد سے متعلق ریفرنس کی بھی احتساب عدالت کوئٹہ ون کے روبرو سماعت ہوئی جس کے موقع پر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے بلکہ گواہ استغاثہ کا بیان بھی قلم بند کرلیاگیاجس پر وکلاء صفائی کی جانب سے جرح مکمل کرلی گئی بعدازاں کیس کی سماعت کو 6جولائی تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔
علاوہ ازیں سابق محکمہ انڈسٹریز اینڈ کامرس کے گرفتار ایکسین عدیل انور کے خلاف سرکاری ٹینڈرز کی مد میں خوردبرد سے متعلق کیس کی بھی سماعت ہوئی تاہم گواہ استغاثہ کی عدم حاضری کے باعث سماعت میں پیش رفت نہ ہوسکی ۔
بعدازاں مقدمے کی سماعت کو 28جون کیلئے ملتوی کردیاگیاس کے ساتھ احتساب عدالت کے روبرو کیسکو سامان چوری کیس کی بھی سماعت ہوئی جس کے دوران لائن سپرنٹنڈنٹ کیسکو سرمست قلندر اور دیگر نامزد ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم گواہان کی عدم موجودگی کے باعث سماعت بغیر کسی پیشرفت کے 6جولائی تک ملتوی کردی گئی ۔
سابق پٹواری غلام فرید کے خلاف غیر قانونی اثاثہ جات کیس کی سماعت
وقتِ اشاعت : June 13 – 2018