کوئٹہ: بلوچستان کی11رکنی نگراں کابینہ کے اراکین کو وزارتیں سونپ دی گئیں۔ نگراں کابینہ میں شامل سابق بیوروکریٹ عبدالسلام خان کاکڑ کو محکمہ خوراک مین اینڈ لیبر پاور کا قلمدان دیا گیا ہے ان کا تعلق بلوچستان کے ضلع لورالائی سے ہے۔
وہ محکمہ ایری گیشن میں سیکریٹری اور چیف انجینئر کے عہدوں پر کام کرچکے ہیں۔بلوچستان کے ضلع مستونگ سے تعلق رکھنے والے آغا عمر بنگلزئی کوقانون و پارلیمانی امور اورسپورٹس کلچر کا قلمدان دیا گیا ہے۔
انہوں نے دادوانجینئرنگ کالج سے الیکٹریکل انجینئرنگ کی ہے ان کے والد پیپلز پارٹی کے فعال رہنماء رہ چکے ہیں۔ ماہر تعلیم اور آئی یو سی این اور این جی اوز میں کام کا وسیع تجربہ رکھنے والے فیض محمد کاکڑکو محکمہ صحت اور انوائرمنٹ کے قلمدان دیئے گئے ہیں۔ نگراں کابینہ میں شامل واحد خاتون فرزانہ بلوچ کو سوشل ویلفیئر بہبود آبادی و اقلیتی امور اور وومن ڈوپلیمنٹ کے محکمے دیئے گئے ہیں۔
فرزانہ بلوچ کا تعلق کوئٹہ کے علاقہ کلی دیبہ سے ہے وہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے کونسلر منتخب ہوچکی ہیں گزشتہ روز بی این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے پارٹی فیصلے کی خلاف ورزی پر پندرہ دن کے اندر فرزانہ بلوچ سے وضاحت طلب کی ہے جس کے بعد انکے خلاف پارٹی کی جانب سے تادیبی کارروائی کا عندیہ دیا گیاہے۔
پنجگور سے تعلق رکھنے والے معروف بینکرامام بخش بلوچ کو محکمہ خزانہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔ امام بخش بلوچ اس سے قبل نیشنل بینک کے مرکزی نائب صدر رہ چکے ہیں انہوں نے نیشنل بینک کے امریکہ کی شاخ میں بھی کام کیا ہے۔
بلوچستان کے ضلع مستونگ سے تعلق رکھنے والے حافظ خلیل الرحمن سانرگزئی کو محکمہ زکواۃ حج و اوقاف کاقلمدان دیا گیا ہے وہ جمعیت علمائے اسلام کے سابق رکن قومی اسمبلی حافظ حسین احمد کے بھانجے ہیں اور کوئٹہ سے شائع ہونیوالے ایک اخبار میں کالم لکھتے ہیں۔
حافظ خلیل الرحمان خود بھی جمعیت کے فعال رہنماء ہیں اور ان کی اہلیہ ایم ایم اے کے خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست میں بھی اول نمبر پر ہیں۔کارباری شخصیت منظور حسین قزلباش کو لوکل گورنمنٹ کی وزارت دی گئی ہے۔بلوچستان کے علاقہ پسنی سے تعلق رکھنے والے نوید کلمتی کوپی ایچ ای بی سی ڈی اے کا قلمدان دیا گیا ہے۔ نوید کلمتی گوادر چیمبر آف کامرس کے صدر رہ چکے ہیں۔ ایڈووکیٹ ملک عنایت اللہ کاسی کو محکمہ داخلہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔
وہ سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر مالک کاسی کے صاحبزادے ہیں۔بلوچستان کے ضلع سبی سے تعلق رکھنے والے خرم شہزاد کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا قلمدان دیا گیا ہے۔ نگران کابینہ میں شامل ڈاکٹرنصر اللہ خان خلجی پی ایچ ڈی سکالر اور نامور آئی ٹی ماہر ہیں۔ وہ برطانیہ میں بھی کام کرچکے ہیں اور کوئٹہ کے معروف نجی تعلیمی ادارے پرل انسٹی ٹیوٹ کوئٹہ کے سی ای او ہیں۔
بلوچستان کے وزراء کو قلمدان سونپ دیئے گئے، ملک عنایت کاسی وزیر داخلہ ہونگے
وقتِ اشاعت : June 14 – 2018