اسٹار فٹبالر اور ارجنٹائن کی قومی فٹبال ٹیم کے کپتان لیونل میسی نے ورلڈ کپ 2018 میں اپنے آخری اور فیصلہ کن گروپ مقابلے کی وجہ سے اپنی سالگرہ نہیں منائی اور ٹریننگ کرتے رہے۔
غیر ملکی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن اور افریقی ٹیم نائیجیریا کے درمیان گروپ ڈی کا فیصلہ کن میچ 26 جون کو کھیلا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ میسی نے اپنے سالگرہ کے دن صبح سے ہی ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا، جبکہ ان کے چہرے سے سالگرہ کی خوشی محسوس نہیں ہورہی تھی۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن کی ٹیم نے بھی اپنے کپتان کو ان کی سالگرہ کے موقع پر ٹریننگ سیشن کے بعد سالگرہ کا کیک پیش کیا۔
دوسری جانب روسی شہر سینٹ پیٹرسبرگ میں ایک کنفیکشنر نے لیونل میسی کے ہی قد کا کیک تیار کیا اور ان کی سالگرہ پر کیک بھی کاٹا۔
کیک کو تیار کرنے والی خاتون کا کہنا تھا کہ ’میں اس لیونل میسی (کیک) کو لیونل میسی (فٹبالر) کو دینا چاہتی ہوں‘، خاتون کا مزید کہنا تھا کہ وہ میسی کی بہت بڑی مداح ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ معلوم ہوا کہ آج میسی کی سالگرہ ہے تو ہم انہیں ان ہی کے مجسمے والا کیس دینا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل لیونل میسی نے جذباتی انداز میں بیان دیا تھا کہ وہ جب تک ارجنٹائن کے لیے ورلڈ کپ ٹرافی نہیں اٹھالیتے، تب تک فٹبال سے ریٹائرمنٹ نہیں لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ ارجنٹائن کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور بالکل اسی طرح یہ میرے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔
لیونل میسی نے کہا کہ ارجنٹائن کے لیے ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانا ان کا خواب ہے، اور جب وہ اس خواب کے بارے میں سوچتے ہیں تو ان کے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں، اسی لیے وہ اس خواب حاصل کرنے میں ہار نہیں مان سکتے۔
اس میچ میں فتح کی صورت میں ارجنٹائن کے دوسرے مرحلے میں جانے کے امکانات روشن ہوجائیں گے جبکہ شکست کی صورت میں ارجنٹائن ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیسرے مرتبہ پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہوجائے گا۔
اس سے قبل ارجنٹائن کی ٹیم 1934 اور 2002 کے عالمی کپ میں پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوگئی تھی۔