لاہور: پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا کے متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام سے نامناسب سلوک کے بارے میں وزارت خارجہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
بھارتی ڈپٹی ہائی کمیشن نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری سید فراز عباس کوٹیلی فون پر اطلاع دی کہ ہائی کمشنر مسٹر اجے بساریہ چکوال میں واقع شری کٹاس راج مندرکا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔ وزٹ سے چند گھنٹے پہلے اطلاع کے باوجود متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکرٹری طارق وزیر خان اور بورڈ کے نئے چیئرمین طاہر احسان اپنی تمام ترمصروفیات ترک کرکے چواسیدن شاہ پہنچے۔
بھارتی ہائی کمشنر کے استقبال اور ان کیلئے تحائف کا بھی انتظام کیا گیا۔ تاہم جب بھارتی ہائی کمشنر وہاں پہنچے تو ان کا رویہ انتہائی نامناسب تھا۔ وہ کٹاس راج رکنے کی بجائے فورا کھیوڑہ سالٹ مائنز جانا چاہتے تھے۔
سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیرخان نے بھارتی ہائی کمشنر کو بتایا کہ یہاں ان کے لیے بریفنگ اور تحائف کا انتظام کیا گیا ہے، تاہم انہوں نے بے رخی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کٹاس راج مندرکا وزٹ پھرکسی دن کریں گے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ نے اس حوالے سے دفترخارجہ کو آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بھارتی سفارتخانے کے لیے وزارت خارجہ کی ہدایات کے بغیر کسی بھی مندر اور گوردوارے میں پروٹوکول کا انتظام نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی ہائی کمشنر اوران کی اہلیہ کو چند روز پہلے سکھوں نے گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی تھی۔