|

وقتِ اشاعت :   June 27 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی اور حلقہ پی بی 29 کوئٹہ سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ حلقہ پی بی 29 کوئٹہ کے پسماندہ ترین علاقوں پر مشتمل مسائل زدہ حلقہ ہے جہاں پر پہلے کسی نے مسائل کے حل پر توجہ نہیں دی ہے ۔

میں نے اس حلقہ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے یہاں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ کے معتبرین بلدیاتی نمائندوں اور دیگر وفود سے ملاقات کے دوران کیا آنے والے وقت میں جو پارٹیاں عوام کے فلاح و بہبود کے منصوبے بناکر انہیں مکمل کر کے ان کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے گراؤنڈ پر منصوبوں کو دکھائیں گے وہی پارٹی آگے زندہ رہیں گی ۔

بی اے پی کی کوشش ہے کہ وہ صوبے میں عوام کے ووٹوں سے اپنے امیدواروں کو منتخب کرواکر ایوان میں بھیج کر حقیقی نمائندوں پر مشتمل بلوچستان میں اکثریتی پارٹی بن کر ابھرے کیونکہ اس وقت عوام کے امیدیں اور نظریں بلوچستان عوامی پارٹی پر مرکوز ہیں عوام نے تمام سیاسی جماعتوں کو آزما لیا ہے جو ان کے اعتماد پر پورا نہیں اتریں اور اجتماعات کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی جس کی وجہ سے آج بھی بلوچستان پسماندگی کی منہ بولتی تصویر پیش کررہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بی اے پی کے پلیٹ فارم سے تعصب سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر سیاست کو عبادت سمجھ کر کریں تاکہ لوگوں میں پائی جانے والی مایوسی کا خاتمہ کر کے بلوچستان کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرے۔