|

وقتِ اشاعت :   June 28 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی ‘ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کا مشترکہ اجلاس زیرصدارت اے این پی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی ‘ ارباب ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں بی این پی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی ‘ مرکزی سینئر نائب صدر ملک عبدالولی کاکڑ ‘ موسیٰ بلوچ ‘ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی چیئرمین عبدالخالق ہزارہ ‘ رضا وکیل ‘ ڈاکٹر اصغر ولی ‘ یونس چنگیزی جبکہ اے این پی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی انجینئرزمرک خان اچکزئی ‘ نوابزادہ ارباب عمر فاروق کاسی ‘ ملک ابراہیم کاسی ‘ رشید ناصر نے شرکت کی ۔

اجلاس میں سیاسی صورتحال بالخصوص عام انتخابات بارے تفصیل سے غوروخوض ہوا اجلاس میں اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ جس طرح ماضی میں سینٹ انتخابات ضمنی الیکشن لوکل باڈیز الیکشن میں پشتون بلوچ ‘ ہزارہ اقوام اور آباد کاروں نے صوبے کے مجموعی معاشی مفادات ‘ مثبت سیاست کے فروغ ‘ تعصب ‘ نفرت اشتعال انگیزی کے خلاف ملکر حصہ لیا تھا اب کی بار بھی اسی بھائی بندی رواداری کا مظاہرہ کیا جائے گا اور اس اتحاد کو کسی صورت سبوتاژ نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اس کی کوششیں چاہئے ماضی میں ہوئے ہوں یا اب اگر کوئی کررہا ہے ان کے منفی عزائم کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے رہیں گے اجلاس میں عام انتخابات میں مشترکہ طورپر حصہ لینے اور مزید مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق پایا گیا اس سلسلے میں تینوں پارٹیوں کا اعلیٰ سطحی اجلاس جلد منعقد کیا جائے گا ۔